کراچی (مشرق نیوز) پاکستان کو سعودی عرب سے دو ارب ڈالر کے ڈیپازٹ موصول ہوگئے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہوگئے ہیں، سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر ڈیپازٹ کو طویل مدت کیلئے توسیع بھی دیدی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی عرب کا موجودہ 5 ارب ڈالر کا ڈیپازٹ اب سالانہ بنیاد پر رول اوور کا پابند نہیں رہیگا بلکہ اسے طویل مدت کیلئے بڑھا دیا جائیگا۔ بتایا گیا کہ یہ مالی معاونت پاکستان کی بیرونی فنانسنگ ضروریات کیلئے نہایت اہم وقت پر فراہم کی گئی ہے جس سے زرمبادلہ ذخائر کو مضبوط بنانے اور بیرونی کھاتوں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اپنے اہداف کے مطابق ذخائر کو تقریباً 18 ارب ڈالر تک لے جانے کیلئے پرعزم ہے جو تقریباً 3.3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کو رواں ماہ 3.5 ارب ڈالر کی ادائیگی کی جانی ہے جو زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کا 18 فیصد بنتی ہے تاہم سعودی معاونت کے باعث اس ادائیگی سے ذخائر پر پڑنے والا دباو کم ہوگا۔
برادر ملک سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر موصول ہوگئے: وزارت خزانہ



















