پاکستانی اصلاحات اور معاشی استحکام قابل تعریف ہے: منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف

واشنگٹن (مشرق نیوز) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر نے پاکستان کی اصلاحات اور معاشی استحکام کی تعریف کی ہے۔ کرسٹالینا جارجیوا نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران پاکستان کی معاشی اصلاحات میں پیشرفت کو سراہا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اصلاحاتی پروگرام پر موثر عملدرآمد کے باعث معاشی استحکام برقرار رکھنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ مضبوط معاشی پالیسیاں اور گہری ساختی اصلاحات کا تسلسل، پائیدار معاشی ترقی کے حصول اور عوام کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کیلئے نہایت ضروری ہیں۔

وزارت خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے یہ مثبت ریمارکس پاکستان کی ذمہ دارانہ معاشی پالیسی سازی اور اصلاحاتی اقدامات پر عالمی اعتماد میں اضافے کی عکاسی کرتے ہیں جو مستقبل میں معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔