عراق کی تعمیر نو میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں،صدر آصف زرداری


بغداد،تہران :(مشرق نیوز) صدر آصف زرداری نے عراق کی تعمیر نو میں پاکستان کے کردار کی پیشکش کردی،دونوں ممالک نے دہشتگردی، انتہا پسندی اور منشیات کےخلاف مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کرلیا۔

آصف زرداری نے عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف جمال رشید سے ملاقات کی،بغداد پیلس آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ،سرکاری استقبالیہ تقریب میں قومی ترانے بجائے گئے،اعلامیے کے مطابق دونوں صدور کے درمیان ون آن ون ،وفود کی سطح پر تفصیلی ملاقات ہوئی ،عراقی صدر نے آصف زرداری ،پاکستانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

صدر زرداری نے عراقی قیادت ،عوام کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا بغداد تہذیب، تاریخ و استقامت کی علامت کاعظیم شہر ہے ،کامیاب پارلیمانی انتخابات پر عراقی قیادت اور عوام کو مبارک باد دیتا ہوں،پاکستان عراق کی خودمختاری، علاقائی سالمیت ، قومی اتحاد کی بھرپور حمایت کرتا ہے، صدر نے عراق کے استحکام، ترقی و جمہوری عمل کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا،ملاقات میں پاک عراق دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال ،عالمی امور پر تبادلہ خیال،اعلیٰ سطح پر رابطوں و مشترکہ کمیشن کے اجلاس پر اطمینان کا اظہار کیاگیا۔

آصف زرداری نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، دفاعی پیداوار میں تعاون بڑھانے پر زور ،آئی ٹی، تعمیرات، ادویات اور متعلقہ صنعتوں میں تعاون کے وسیع امکانات پر بات چیت کرتے ہوئے کہابزنس ٹو بزنس روابط و تجارتی وفود کے تبادلے کی ضرورت ہے،تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے مالیاتی سہولتیں ناگزیر ہیں۔

صدرمملکت آصف زرداری نے عراق کی تعمیر نو میں پاکستان کے کردار کی پیش کش کرتے ہوئے کہا پاکستان موجودہ ایم او یو کے تحت ہنرمند و نیم ہنرمند افرادی قوت فراہم کرنے کےلئے تیار ہے،طبی سہولیات، مالیاتی مہارت و ڈیجیٹل گورننس میں تعاون ،محفوظ ڈیٹا مینجمنٹ سمیت تکنیکی تجربات عراق کےساتھ شیئر کرنے پر بھی آمادہ ہیں۔

آصف زرداری نے پاکستانی زائرین کےلئے سہولتوں میں بہتری کا مطالبہ اور زائرین مینجمنٹ ایم او یو کی جلد حتمی منظوری و نفاذ پر زور دیتے ہوئے کہاغیر قانونی داخلے ،زائد قیام کرنےوالے پاکستانیوں کی روک تھام کےلئے مکمل تعاون کریں گے، پاکستان عراقی قوانین کی خلاف ورزی کرنےوالوں کےخلاف سخت اقدامات کا حامی ہے۔

دونوں صدور نے دہشتگردی، انتہا پسندی اور منشیات کے خلاف مشترکہ جدوجہد ،اقوام متحدہ،او آئی سی سمیت عالمی فورمز پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق ، سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا،عراقی صدر نے مسلم امہ کو متحد،فلسطینی عوام کےلئے تاریخی و مسلسل حمایت پرپاکستان کے کردار کو سراہا ۔