اسلام آباد:(بیورورپورٹ)190 ملین پاونڈ کیس کا فیصلہ سنانے والے جج ناصر جاوید رانا کو کام سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر نے کہا کیوں نہ معاملہ ہائیکورٹ کی انسپکشن ٹیم کو بھجوا دیا جائے، سیشن کورٹ کے ججز کا معاملہ انسپکشن ٹیم کو بھجوایا جاتا ہے، سپریم کورٹ نے تو2004میں آبزرویشن دی تھیںجو نوٹیفکیشن آپ چیلنج کر رہے ہیں اس میں بظاہر کوئی غیر قانونی چیز نہیں، آپ کو بڑے ادب سے سمجھا دیا پھر بھی مسئلہ ہے تو لاہور ہائیکورٹ جائیں،وکیل درخواست گزار ریاض حنیف راہی نے موقف اپنایا 7نومبر کو پٹیشن پر نمبر لگا اب 26 ہوگئی اب تک تو فیصلہ ہونا چاہیے، کمپرومائز کرنے والوں کے نام کبھی تاریخ میں زندہ نہیں رہتے۔
ریاض حنیف راہی نے کہا جس جج کی تعیناتی چیلنج کی وہ اس وقت مہنگی گاڑیوں میں آتے جاتے ہیں، آپ چیک کرائیں کچہری کی پارکنگ میں وی ایٹ ،بی ایم ڈبلیو گاڑیاں کس کی ہیں، چیک کرائیں اتنی مہنگی گاڑیاں سیشن جج کیسے استعمال کر سکتا ہے،وکیل ریاض حنیف راہی نے کہا میں نے بھارتی فلم دیکھی ایک دن کا سی ایم صحیح پاور استعمال کرتا ہے، عدالت بھی ایسے ہی اپنی جوڈیشل پاور کا خود استعمال کرے اور مسائل کو حل کرائے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دئیے جی وہ فلم میں نے بھی دیکھی تھی جو سب کو معطل کرتا رہتا ہے، آپ راستوں کی بندش پر پٹیشن دائر کریں ،الگ سے دیکھ لیں گے۔
جج ناصر جاوید رانا کو کام سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
















