27ویں ترمیم آئندہ ہفتے منظور کرانے کا فیصلہ، وزرا،اراکین پارلیمنٹ کے غیرملکی دورے منسوخ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)27 ویں ترمیم آئندہ ہفتے منظور کرانے کا فیصلہ ، وزرا،اراکین پارلیمنٹ کے غیرملکی دورے منسوخ ،حکومت نے سینٹ میں بھی نمبر پورے ہونے کادعویٰ کردیا۔

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت ہاوس بزنس مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا 27ویںترمیم آئندہ ہفتے قومی اسمبلی سے منظور کرائی جائےگی،پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے وزرا،اراکین پارلیمنٹ کے غیرملکی دورے منسوخ کرتے ہوئے اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کر دی، 27 ویں ترمیم پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے حاصل کرنے کےلئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو اہم ٹاسک سونپ دیا۔

ادھر ذرائع کے مطابق حکومت نے سینٹ میں جے یو آئی کے بغیر ہی تعداد پوری ہونے کا دعویٰ کردیا، 96 کے ایوان میں 65اراکین کی حمایت ملنے کا قوی یقین ،اے این پی کے 3 سینیٹر کی حمایت ملنے کا امکان ہے، آزاد سینیٹر نسیمہ احسان سے بھی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرلی گئی،ذرائع کے مطابق مزید 6 آزاد سینیٹرز بھی 27ویں ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔

ادھرسینیٹر فیصل واوڈا نے سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن سے ملاقات کی ،اسلم غوری بھی موجود تھے،ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل و اوڈا نے کہا نمبرز کا مسئلہ نہیں، ترمیم کی منظوری کےلئے نمبرز پورے ہیں ،مولانا معاملات دیکھیں گے اور سمجھیں گے،فضل الرحمن ملکی بقا و سلامتی کےلئے بہت ضروری ہیں نمبرز کی بات نہیں ،قومی دھارے میں مولانا کا بڑا کردار ہے،18 ویں ترمیم کو رول بیک نہیں کیا جارہا، حکومت صوبوں کو 2ہزار ارب دے رہی ہے اگر اتفاق رائے سے کچھ تبدیلی ہوجائے تو بری نہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا آرٹیکل 243 میں صرف افواج کی جنگ نہیں، معیشت، سائبر، معاشی جنگ بھی ہے ،تینوں افواج کو توانائی دینی ہوگی تو دیں گے، مضبوط کریں گے تاکہ دفاع مضبوط ہوسکے،27 ویں ترمیم بہت آسانی سے پاس ہوتی نظر آرہی ،کوئی بھی ابہام ہوا تو ”فلائٹ آن بورڈ“ہے،پی ٹی آئی کواعتماد میں لینا چاہیے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کوخوش آمدید کہتے ہیں اگر مولا جٹ کی سیاست کریں گے تو پھینٹا لگے گا،گورنرراج کا بھی آپشن ہے، منفی سیاست کرنی ہے تو پھر پکوڑے،چھلیاں کھائیں۔

آزاد سینیٹر نے کہا پیپلزپارٹی جمہوری پارٹی نظام کوڈی ریل نہیں ہونے دے گی،پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا، کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے،ٹی ایل پی سے میرا بہت اچھا تعلق تھا اور ہے آئندہ بھی رہے گا مگر ایک ایشو کی وجہ سے پارٹی کالعدم ہوگئی مگر میں گریبان پکڑ کر جھگڑا کروں تو ردعمل بھی سامنے آئے گا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی ،فاروق ستار ودیگر رہنماو¿ں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کسی کو 27ویں ترمیم پر حیران اور پریشان ہونے کی نہیں، قانون وضع کرنے کی ضرورت ہے،پہلے سے کہہ رہے ہیں جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں، ترمیم کے معاملے پر خود وزیراعظم سے رابطہ کیا، بلدیاتی حکومت کو بھی آئین کے تحت حکومت سمجھا جائے، آئین لوکل حکومت کا تحفظ ،سپریم کورٹ نگرانی کرے،مقامی حکومتوں کو اختیارات دے کر مسائل حل کیے جا سکتے ہیں، آئینی ترمیم کے معاملے پر کئی روز سے لوگ رابطے کررہے ہیں۔

ایم کیو ایم رہنماﺅں نے کہا آئین میں لکھا جائے مقامی حکومتوں کی مدت پوری ہونے کے بعد نئے انتخابات ہوں گے ،وقت کےساتھ ترامیم ہونا ضروری ہیں ،صوبائی خود مختاری کےساتھ مقامی حکومتوں کی خود مختاری بھی ہونی چاہیے۔