لاہور (انٹرویو: میاں ساجد/ تصاویر: واحد شہزاد) پاکستان کا قدیم میوہسپتال بہبود مریضاں کیلئے کوشاں ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں ایک لمحہ کی تاخیر بھی ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال کی ایمرجنسی 24 گھنٹے فعال رہتی ہے جس میں زیرعلاج مریضوں کو فوری طبی سہولیات کے علاوہ مفت ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف آپریٹنگ آفیسر و میڈیکل سپرنٹنڈنٹ میو ہسپتال ڈاکٹر احتشام الحق نے روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کے لواحقین ہمارے قابل قدر ہیں، انکو ہسپتال کے عملہ سے کوئی بھی شکایت ہے تو بتائیں، ایم ایس آفس کے دروازے ان کیلئے ہر وقت کھلے ہیں، انکی عزت اور احترام واجب اور لازم ملزوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میو ہسپتال لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے مریضوں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جہاں روزانہ ہزاروں مریض علاج کیلئے آتے ہیں۔ میو ہسپتال کا شمار الحمداللہ ان عالمی یافتہ طبی اداروں میں ہوتا ہے جو 100 سالوں سے صحت کی دیکھ بھال کے ہر شعبہ میں اپنی مثال آپ ہے۔ یہاں مریضوں کے علاج سے لیکر انکو مفت ادویات کی فراہمی حکومت پنجاب کا وہ اہم کارنامہ ہے جو تاریخ کے ماتھے کا جھومر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میو ہسپتال میں قائم ایسٹ میڈیکل وارڈ، ساوتھ میڈیکل وارڈ، ویسٹ میڈیکل وارڈ، نارتھ میڈیکل وارڈ، کارڈیالوجی، سینے کے امراض، ڈرماٹالوجی، نیورولوجی، نیفرولوجی، پیڈس میڈیسن، ریڈیولوجی، ریڈیو تھراپی، ذہنی امراض میں مبتلا مریضوں کے علاوہ سرجری کے قائم یونٹس کے ساتھ مریضوں کے علاج میں مصروف عمل ہے۔ ہسپتال میں ای این ٹی کا موجود شعبہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں ہمہ وقت کوشاں ہے جبکہ اسکے علاوہ میوہسپتال پلاسٹک سرجری، آرتھوپیڈکس، امراض چشم، اورل اور میکسیلو فیشل، پیڈس سرجری، کارڈیک سرجری میں میوہسپتال کا کوئی ثانی نہیں جبکہ اسکے علاوہ میوہسپتال میں قائم تین ایمرجنسی یونٹس جو الحمد اللہ 24 گھنٹے فعال ہوکر پریشان حال مریضوں کیلئے کھلے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر احتشام الحق نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ہسپتال کے شعبہ حادثات ایمرجنسی، بالغ ایمرجنسی اور پیڈیا ٹرکس ایمرجنسی میں مریضوں کے علاج پر مامور ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسنگ سٹاف اپنے فرائض نبھانے کیلئے پیش پیش ہے اور اسکے علاوہ میڈیسن سٹور، کیمیکل سٹور اور جنرل سٹور میں بھی مستعد عملہ موجود ہے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر و میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے مزید بتاتے ہوئے کہا کہ میوہسپتال میں انتہائی نگہداشت مریضوں کیلئے ہسپتال میں قائم ایمرجنسی، آئی سی یو اور مین آئی سی یو میں بیڈ محفوظ ہیں جبکہ اسکے علاوہ آﺅٹ ڈور اور انڈور اپنے مریضوںکی خدمات اور انہیں صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کنسلٹنٹ نیورو سرجن کے زیرنگرانی 24/7 نیورو سرجیکل ایمرجنسی بہترین اور عملی خدمات کیلئے 24 گھنٹے موجود ہیں جبکہ میوہسپتال کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ یہاں بچوں کے الگ اور بالغ نیوروسرجیکل مسائل، دماغ اور ریڑھ کی ہڈی سے متعلق کی تمام بیماریوں کا علاج ہونا کسی نعمت سے کم نہیں۔
فوری طبی سہولیات، مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنادیا: ڈاکٹر احتشام الحق
















