لاہور، اسلام آباد (ہیلتھ رپورٹر+ اپنے رپورٹر سے+ بیورو رپورٹ) میوہسپتال میں مبینہ طور پر غیر معیاری انجکشن لگنے سے زیر علاج 2مریض جاں بحق ہو گئے جبکہ 4مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے انجکشن کے مریضوں پر ری ایکشن کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی، ری ایکشن کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے اینٹی بائیوٹک انجکشن کا استعمال روک دیا ،سیکرٹری صحت عظمت محمود نے تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے انجکشن کے ری ایکشن سے اموات کی تصدیق کی ہے، وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ذمہ دار افراد کےخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی،وزیراعلیٰ مریم نواز نے انجکشن کے مبینہ ری ایکشن سے مریضوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار ،سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے، مریم نواز نے مریضوں کے بہترین علاج کا حکم دیتے ہوئے کہا انجکشن کی ری ایکشن کے واقعہ پر گہری تشویش ہے، غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت پنجاب میں پہلی مرتبہ سپرسیڈر پراجیکٹ کے مشینی کاشت کے تاریخی دور کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ،سب سے بڑے سپر سیڈر پراجیکٹ کی لانچنگ سے سموگ میں واضح کمی کا امکان ہے، پنجاب میں60فیصد سبسڈی پر سپر سیڈر کی فراہمی کا تیسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے، محکمہ زراعت نے کاشتکاروں سے سپر سیڈر کی فراہمی کے تیسرے فیز کےلئے درخواستیں طلب کر لیں ، کاشتکارگھر بیٹھے آفیشل ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے اپلائی کر سکتے ہیں،درخواست فارم متعلقہ ایگریکلچر آفیسر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع) یا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ دفاتر میں بھی دستیاب ہیں، کاشتکاروں کی مزید معلومات اور رہنمائی کےلئے ٹال فری نمبر0800-17000 بھی قائم کر دیا گیا ہے، مریم نواز نے کہا ایگری کلچر میکانائزیشن سے پنجاب کی زراعت میں جدت کا خواب حقیقت میں بدل گیا،سپرسیڈر کے استعمال سے دھان کی باقیات جلانے کے واقعات کا سدباب ہو گا،پنجاب کے کاشتکاروں کو جدید ترین زرعی ٹیکنالوجی سے لیس کریں گے،کاشتکار کےلئے لاگت میں کمی اور پیداوار میں اضافے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،صنعت وتجارت کا فروغ بھی بہترکاشتکاری سے مشروط ہے،وزیراعلیٰ نے کہا ”کسان خوشحال ....پنجاب خوشحال “محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے،کسان کارڈ ،سپر سیڈراور دیگر پروگرام سے پنجاب میں فصلوں کی پیداوار ریکارڈ میں واضح اضافہ نظر آئے گا،مزید بر آں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا اپوزیشن نے بدتمیزی ، بدتہذیبی کی بنیاد رکھی ، اب خو نشانہ د بن رہے ہیں،پارلیمنٹ میں صدر مملکت کے خطاب کے دوران اپوزیشن کے احتجاج پر سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا بدتمیزی اور بدتہذیبی نے کچھ نہیں دیا، یہ ایک ڈائنگ چیز ہے جو ختم ہو رہی ہے اور جلدی ختم ہو جائے گی، لوگوں میں شعور آگیا ہے، لوگوں کو ترقی چاہئے، لوگوں کو مسائل کا حل چاہئے، لوگوں کو مہنگائی میں کمی چاہیے،مریم نواز شریف نےمزید کہا اب اکانومی بہتر ہو رہی ہے، حالات بہتر ہو رہے ہیں، لوگوں کو سمجھ آگئی ہے بدتمیزی، بدتہذیبی اور خدمت میں کیا فرق ہے۔
میوہسپتال میں انجکشن سے ہلاکتیں، ذمہ داروں کےخلاف سخت کارروائی کی جائے: مریم نواز
















