9مئی عوام کامقدمہ،کسی سیاسی لیڈر کی خواہش اقتدار پاکستان سے بڑھ کر نہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (بیورورپورٹ)ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کسی سیاسی لیڈر کی اقتدار کی خواہش پاکستان سے بڑھ کر نہیں، 9 مئی افواج پاکستان کا نہیں عوام پاکستان کا مقدمہ ہے،9 مئی کے اصل کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانے تک انصاف کا سلسلہ جاری رہے گا،پاک فوج کا ہر حکومت کے ساتھ سرکاری اور پیشہ ورانہ تعلق ہوتا ہے، تعلق کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں، کوئی بھی افسر سیاست کو ریاست پر مقدم رکھے گا تو جواب دینا پڑے گا،جو اب ملٹری کورٹس پر بات کرتے ہیں وہ خود انکے داعی تھے۔

ملٹری ٹرائل میں ملزم کو قانونی حقوق حاصل ہوتے ہیں، فیض حمید کو بھی حاصل ہیں،تمام سیاسی جماعتیں اور لیڈرز قابل احترام ہیں، سیاستدان مل بیٹھ کر اپنے معاملات حل کریں نہ کہ انتشاری انداز اپنایا جائے، بارہا نشاندہی کے باوجود افغانستان کی سرزمین سے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشتگرد مسلسل پاکستان میں دہشت گردی کرتے آرہے ہیں، افغانستان خارجیوں اور دہشتگردوں کو پاکستان پر فوقیت نہ دےں،پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی کےلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا۔

رواں سال 59 ہزار 775 آپریشنز کیے گئے، خوارج سمیت 925 دہشت گردوں کو واصل جہنم کیا گیا،دشمن کے نیٹ ورک پکڑنے اور دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اہم کامیابیاں ملیں، آپریشنز کے دوران 73 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکتیں ہوئیں، یہ جنگ آخری دہشتگرد اور خوارج کے خاتمے تک جاری رہے گی، پاک فوج لائن آف کنٹرول پر بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاک فوج پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کےلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے،ہر فورم پر کشمیریوں کی اصولی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے،آرمی چیف کی خصوصی توجہ سے گوادر میں صحت، تعلیم، پانی کی فراہمی سمیت کئی منصوبوں پر کام چل رہا ہے، چمن ماسٹر پلان کی تکمیل اہم سنگ میل ہے، طور خم بارڈر پر تجارت کو سہولت فراہم کرنے کےلئے جدید سسٹم نصب کیا جارہا ہے جس کے بعد کلیئرنس کا وقت مزید کم ہوجائے گا۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردوں کیخلاف طویل اور مشکل جنگ لڑ رہی ہیں، رواں سال 59 ہزار 775 آپریشنز کیے گئے، خوارج سمیت 925 دہشت گردوں اور خوارج کو واصل جہنم کیا گیا، سینکڑوں کو گرفتار کیا گیا، ملک بھر میں تمام ادارے یومیہ 169 انسداد دہشت گردی کے آپریشنز کیے گئے، کئی دہشتگردی کے منصوبے ناکام بنائے گئے، گرفتار ملزمان سے غیر ملکی اسلحہ اور گولہ بارود بھی ملا،ترجمان پاک فوج نے کہا قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز نے دشمن کے نیٹ ورک پکڑنے اور دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اہم کامیابیاں ملیں، ان آپریشنز کے دوران 73 ہائی ویلیو ٹارگٹس یعنی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا5 سال کے دوران کسی ایک سال میں مرنے والے دہشتگردوں کی سب سے بڑی تعداد ہے، جہنم واصل ہونیوالوں میں فتنہ الخوارج کا سرغنہ میاں سید عرف قریشی استاد مالا کنڈ ڈویژن، فتنہ الخوارج مردان کا محسن قادر، عطا اللہ عرف مہران جو سوات میں سفارتکاروں پر حملے میں ملوث تھا، فدا الرحمن عرف لال ژوب ڈویژن، علی رحمان عرف طحہٰ سواتی اور ابو یحییٰ شامل ہیں، بلوچ دہشتگردوں میں ثنا عرف برو، بشیر عرف جان، نیاز، ظریف شاہ جہان، حضرت علی عرف اسد، لاپ جان چاکر آبادی، اس کے علاوہ 27 افغان دہشتگردوں کو بھی جہنم واصل کیا گیا،ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا اس کے علاوہ افغانستان سے تعلق رکھنے والے 2 خود کش بمباروں کو بھی گرفتار کرکے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنایا گیا، افغان بمباروں میں انصاف اور روح شامل تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہابلوچستان سے گرفتار ہونے والی خود کش عدیلہ نے انکشافات کیے کس طرح دہشتگرد معصوم بچوں کی ذہن سازی کرکے ان سے دہشت گردی کرارہے ہیں،2024 میں انسداد دہشتگردی کے آپریشنز کے دوران 383 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم ان بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے ملک کےلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ ملک کی سلامتی اور امن کےلئے پیش کیا، یہ جنگ آخری دہشتگرد اور خوارج کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاویسٹرن بارڈر مینجمنٹ کےلئے کام آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، قبائلی اضلاع میں 72 فیصد علاقہ بارودی سرنگوں سے کلیئر کردیا گیا، ون ڈاکومنٹ رجیم کے نفاذ کے بعد غیرقانونی بارڈر کراسنگ، سمگلنگ میں خاطر خواہ کمی آئی ، پاسپورٹ کے استعمال میں اضافہ ہوا ، پاکستان سے غیر قانونی افغان باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے، اب تک 8 لاکھ 15 ہزار سے زائد افغان باشندے اپنے ملک جاچکے ہیں،انہوں نے کہا بھارت کی جانب سے مشرقی سرحد پر خطرات کا ہمیں ادراک ہے، بھارت خطے میں اپنی اجارہ داری کےلئے جو اقدامات کر رہا ہے، پاکستان کی سول و عسکری قیادت اس سے بخوبی آگاہ ہے، بھارت نے اس سال کئی بار چھوٹی سطح پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں کی گئیں، جس میں 25 سیز فائر کی خلاف ورزیاں، 564 دیگر اور 161 فضائی خلاف ورزیاں کی گئیں، متعدد فالس فلیگ آپریشنز بھی کیے گئے جن کا مقصد بھارت کی اندرونی سیاست پر اثر انداز ہونا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہاپاک فوج لائن آف کنٹرول پر بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاک فوج پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کےلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہے،بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں عوام پر ہونے والے مظالم سے پوری دنیا آگاہ ہے، بھارتی فورسز کی جانب سے آپریشنز کرکے کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہے، کشمیری عوام پر تشدد قابل مذمت ہے، بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ سال آرٹیکل 370 برقرار رکھ کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، اصولی موقف ہے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر کشمیریوں کی اصولی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہابھارت کی کئی ریاستوں میں علیحدگی کی تحریکوں کو قوت کے ذریعے کچلنے کا عمل جاری ہے، بیرون ملک سکھ رہنماﺅں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے، اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں، مسیحی باشندوں کی نسل کشی کی جارہی ہے، مساجد، گرجا گھروں کو ہندو انتہا پسند نشانہ بنارہے ہیں، مذہبی جبر کا سلسلہ عالمی اور انسانی حقوق کے اداروں کےلئے کھلا سوال ہے،افواج پاکستان قدرتی آفات اور ہر مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے، حکومت کی معاونت سے کئی شعبوں کے منصوبے مکمل کیے جاتے ہیں، 2024 میں خیبر پختونخوا میں پاک فوج نے مقامی افراد کے مسائل کے حل کےلئے 6500 پروگرام مکمل کیے، مقامی طلبہ کو چیف آف آرمی سٹاف ایجوکیشن پروگرام کے تحت آرمی پبلک سکولز، کیڈٹ کالجز میں داخلے دئیے گئے، نوجوانوں کو فورسز میں بھرتی کیا گیا، انفرا سٹرکچر کی بحالی کے کئی منصوبے مکمل کیے گئے، چند پر کام جاری ہے

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا سیلاب کے دوران پختونخوا میں سینکڑوں میڈیکل کیمپس لگائے گئے، متاثرین کا ہر ممکن ساتھ دیا گیا،اسی طرح بلوچستان میں بھی امدادی پروگرامز کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان میں سوشو اکانومی منصوبوں کی شرح دیگر صوبوں سے زیادہ ہے، تاکہ بلوچستان کے حوالے سے جاری منفی پروپیگنڈا توڑا جاسکے، بلوچستان میں متحدہ عرب اور چین کے تعاون سے کئی اہم منصوبے مکمل کیے گئے جن پر شکر گزار ہیں، چند منصوبے اب بھی جاری ہیں، بلوچستان میں کچھی کینال منصوبہ 65 ہزار کینال اراضی کو سیراب کر رہا ہے۔


لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا سبی اور ہرنائی کے درمیان سو کلو میٹر سے زائد ریلوے ٹریک کو مرمت کرکے 17 سال بعد کھول دیا گیا، چمن ماسٹر پلان کی تکمیل اہم سنگ میل ہے، چمن اور طور خم بارڈر پر تجارت کو سہولت فراہم کرنے کےلئے جدید سسٹم نصب کیا جارہا ہے جس کے بعد کلیئرنس کا وقت مزید کم ہوجائے گا، 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ، منصوبہ 3 ماہ میں مکمل ہوجائے گا


2021ءمیں کس کی ضد تھی بات چیت کر کے سیٹیل کیا جائے، ضد کی قیمت خیبر پختونخوا ادا کر رہا ہے، بجائے بیانیہ بنانے کے خیبر پختون خوا میں گڈ گورننس پر توجہ دیں، فتنہ خوارج کی کمر ٹوٹ گئی تھی تو کس کے فیصلے پر بات جیت کر کے سیٹل کیا گیا ایسے ہر مسئلہ کا حل بات چیت سے ہوتا تو دنیا میں جنگ اور غزاوت نہ ہوتے ایسے روئیے کی قیمت پوری قوم دیتی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا 9 مئی کے پیچھے مربوط سازش اور منصوبہ بندی تھی، منصوبہ بندی اور سازش میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانا ضروری ہے، نومبر 2024 میں بھی 9 مئی کا تسلسل دیکھا، فوج کی تعیناتی صرف ریڈ زون تک محدود رہی،سیاسی قیادت کے مسلح گارڈ اور ہجوم میں شامل لوگوں کے پاس آتشی اسلحہ تھا، مظاہرین کے پاس اسلحہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر دیکھا بھی، بے معنی ہنگامہ آرائی سے توجہ ہٹانے کےلئے فیک نیوز کا سہارا لیا گیا،فوج کسی خاص سیاسی جماعت یا نظریہ کی نہ مخالف ہے نہ حمایتی، 26 نومبر کی سازش کے پیچھے سوچ سیاسی دہشتگردی کی ہے، 26 نومبر کو ہزاروں کارکنوں کی شہادت کا جھوٹ پھیلایا گیا، ان کو اعتماد ہے کوئی بھی جھوٹ بیچ سکتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آرنے ایک بار پھر واضح کیا 9 مئی افواج پاکستان کا نہیں عوام پاکستان کا مقدمہ ہے،دہشت گردی کے مسئلے پر مزید کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے کیونکہ گڈ گورننس انہوں نے نہیں کرنا ، 9 مئی سے جڑے واقعات کا قانونی جواز نہیں،دفاع نہیں کر سکتے، جو اب ملٹری کورٹس پر بات کرتے ہیں وہ خود انکے داعی تھے، انتشاری سیاست کا کنٹرول اندرون ملک سیاسی لیڈرز کے پاس نہیں، ملک سے باہر افراد کے پاس اس انتشاری سیاست کا کنٹرول ہے، کیسے انسانی حقوق کی تنظیمیں دنیا سے سامنے آتی ہیں، تنظیموں کو غزہ، فلسطین نظر نہیں آئیں گے، انسانی حقوق پر جو تنظیمیں واویلا مچا رہی ہیں، وہ ایسی مہم غزہ اور کشمیر پر بھی چلائیں۔