سرکاری طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے :خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) سنٹرل پارک میڈیکل کالج کے پہلے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانووکیشن میں چیئرمین میاں طاہر جاوید، پرنسپل عامر میاں، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر نادیہ نسیم، فیکلٹی ممبران اور ایم بی بی ایس گریجوایٹس سمیت ان کے والدین نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تمام کامیاب ہونے والے فریش گریجوایٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔رجسٹرار نے گریجوایٹس اور پوسٹ گریجوایٹس سے خدمت انسانیت کا حلف لیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے نمایاں اور کامیاب طلبا و طالبات میں گولڈ میڈلز، نقد انعامات اور ڈگریاں تقسیم کیں۔کانووکیشن میں نمایاں گریجوایٹس کو مختلف میڈلز سے نوازا گیا۔چیئرمین نے ادارے کی کارکردگی اور مختلف پروگراموں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔کانووکیشن کے دوران 119 فریش گریجوایٹس کو ایم بی بی ایس کی ڈگری سے نوازا گیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ زندگی کے شعور کیلئے علم حاصل کرنا انتہائی اہم ہے۔ پاکستان میں پنجاب کا میڈیکل سسٹم الحمدللہ سب سے بہتر ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ میاں شہباز شریف کی قیادت میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی بنیاد رکھی۔ ہمارے معاشرے میں ڈاکٹرز کو بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پنجاب میں میڈیکل فیکلٹی ایک خاندان کی مانند ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ حکومت پنجاب لاہور میں 82 ارب روپے کی لاگت سے ایشیاءکا سب سے بڑا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ جبکہ سرگودھا میں 10 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنا رہی ہے۔ پاکستان کے ڈاکٹرز کی پوری دنیا میں مانگ ہے۔ سنٹرل پارک میڈیکل کالج کی فیکلٹی انتہائی پروفیشنل ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ایک ڈاکٹر کی کامیابی اس کے مریضوں کی دعاو¿ں میں چھپی ہوتی ہے۔ ہماری تمام تر کامیابیاں ہمارے والدین کی وجہ سے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں پاکستان کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کی سرکاری طبی درسگاہوں میں کوالٹی ریسرچ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے تمام کامیاب ہونے والے فریش گریجوایٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔