عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دی جائے، ٹیکس چوروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے:وزیر اعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے ٹیکس نادہندگان کےخلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے،وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معیشت کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی،اجلاس کو معیشت کے اعشاریوں، مہنگائی کی موجودہ صورتحال، ٹیکس چوری اور ان کی معاونت کرنے والوں اور ان کےخلاف کارروائی پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے کہا ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، معیشت کی ترقی کےلئے اقدامات کی بدولت سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے اور بیرونی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں،شہباز شریف نے کہا عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دی جائے، عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کےلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں، مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد جبکہ شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی ہے، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، برآمدات میں اضافہ اور ریکارڈ ترسیلات زر سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا،وزیر اعظم نے ہدایت کی ٹیکس نادہندگان کےخلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے،ٹیکس چوری کرنےوالوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے، ملکی معیشت کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب سب اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں گے، تمام شعبہ جات کو ٹیکس ادا کرکے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،شہباز شریف نے زرعی شعبے میں اصلاحات پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کیا۔