لاہور: (ایجوکیشن رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے شعبہ کیمسٹری کے زیر اہتمام دو روزہ تیسری بین الاقوامی کانفرنس بعنوان”کیمسٹری میں نئے رجحانات اور تحقیق“ مرکزی کیمپس میں اختتام پذیر ہو گئی، امریکہ، آسٹریلیا، کینیڈا، ملائیشیا، چین، فرانس، شام، برازیل، چلی، یونان، نیدرلینڈ، بحرین، سعودی عرب اور پاکستان سے معروف اسکالرز، محققین سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔
کانفرنس میں درجنوں محققین اور سکالرز نے سائنسی علم اور اختراع کے رجحان میں اضافہ کے لئے اپنے مقالہ جات اور تجربات شیئر کیے، علمی تبادلے اور تعاون کےلئے ایک اہم پلیٹ فارم بننے والی کانفرنس کے کلیدی نتائج میں ماحولیاتی مسائل خصوصاً سموگ کے ساتھ کیمسٹری میں مشین لرننگ اور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے کردار کے حوالے سے اطلاقی تحقیق پر توجہ مرکوز کی گئی، مقررین نے کیمسٹری کے مختلف ذیلی شعبوں میں ابھرتے ہوئے رجحانات پر بھی سیرحاصل بحث کی تاکہ نظم وضبط میں تحقیق کے مستقبل کو تشکیل دیا جا سکے،عالمی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری نے جامعات کےلئے انٹرنیشنلائزیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا علم، تحقیق اور اختراع کےلئے کانفرنس مرکز کا کردار ادا کرے گی۔
یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس اختتام پذیر
















