لاہور:(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے رواں سال پولیس فورس مختلف ویلفیئر کیٹیگریز میں ایک ارب 80 کروڑ سے زائد رقم دی جا چکی ہے، تعلیمی وظائف کی مد میں 62 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی ہے، ملازمین کے بچوں کے تعلیمی وظائف کیلئے ویلفیئر پالیسی میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔
آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کے زیر صدارت پولیس ویلفیئر بورڈ کے اجلاس میں پولیس فورس اور انکے اہلخانہ کی ویلفیئر سے متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، افسران نے فورس کی تعلیم اور صحت سمیت ویلفیئر پالیسی میں مزید بہتری لانے کیلئے ٹھوس تجاویز پیش کیں، اجلاس میں دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے اہل خانہ کو2 جبکہ شہادت کے رتبے پر فائز ہونےوالے ملازمین کے اہلخانہ کو 3 بنیادی تنخواہیں فی الفور دینے کی منظوری بھی دی گئی۔
دوسری جانب پنجاب پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق نے اپنے 5 بچوں کو ایم بی بی ایس کرا کر دیگر والدین کیلئے اعلیٰ مثال قائم کردی، ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق نے اپنی اہلیہ ، ڈاکٹر بیٹیوں اور بیٹوں کےساتھ سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی، ہیڈ کانسٹیبل انصر رزاق کے بچوں میں ڈاکٹر ماریہ ، ڈاکٹر نویرا، ڈاکٹر مدیحہ، ڈاکٹر علی رضا، ڈاکٹر حسن شامل ہیں،انصر رزاق کی چھوٹی بیٹی حبیبہ نے بھی ایم کیٹ کے امتحان میں 96 فیصد سے زائد نمبرز حاصل کرکے میڈیکل یونیورسٹی کےلئے کوالیفائی کر لیا ، انصر رزاق کے بچوں نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، قائداعظم میڈیکل کالج بہاولپور اور علامہ اقبال میڈیکل کالج سے تعلیم مکمل کی، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے بچوں کو میڈیکل کی اعلیٰ تعلیم دلوانے پر انصر رزاق کے تعلیم دوست جوش و جذبے اور ہمت کو سراہا۔
تعلیمی وظائف کیلئے ویلفیئر پالیسی میں مزید بہتری لائی جائیگی:آئی جی
















