ڈنمارک پاکستانی بندرگاہوں پر 2ارب ڈالر سرمایہ کاری کیلئے تیار،کابینہ نے منظوری دےدی

کراچی:(بیورورپورٹ)ڈنمارک پاکستانی بندرگاہوں پر 2ارب ڈالر سرمایہ کاری کیلئے تیار،کابینہ نے معاہدے کی منظوری دےدی۔

وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے صحافیوں کو بریفنگ میں کہا ڈنمارک پاکستانی بندرگاہوںکی بہتری کےلئے بھاری سرمایہ کاری پر تیار ہوگیا،دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط کےلئے وزیر پورٹ اینڈ شپنگ رواں ماہ ڈنمارک جائیں گے جبکہ وفاقی کابینہ نے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ایم او یو کی منظوری دےدی ، ایم او یو دنیا کی سب سے بڑی شپنگ لائن مرسک اور کے پی ٹی کے مابین ہوگا، ڈنمارک کی مرسک شپنگ لائن 2 سال میں 2ارب ڈالر کی پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گی، سرمایہ کاری سے بندرگاہوں کے انفرا اسٹرکچر، ٹرمینلز ڈریجنگ ٹرانس شپمنٹ اور سڑکوں کی تعمیر ہوگی، مرسک شپنگ لائن پاکستان میں بڑے ویئر ہاوسز کی تعمیر اور شپ بریکنگ بھی کرے گی۔

وزیر بحری امور نے کہا پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو نجکاری فہرست میں شامل کرنے کی تجویز دےدی ہے، پی این ایس سی سٹریٹیجک ادارہ نہیں ، پی این ایس سی جتنا منافع کماتا ہے اس سے کہیں زیادہ کمایا جاسکتا ہے،سی ایف او پی این ایس سی جرار حیدر کاظمی نے کہارواں سال پی این ایس سی کا منافع 20 ارب روپے ہونے کی توقع ہے، گزشتہ برس پی این ایس سی کی آمدنی 30 ارب روپے سے زائد تھی، گزشتہ سال بحری جہاز کی فروخت، مہنگے ڈالر اور فریٹ ریٹ زیادہ ہونے سے آمدنی زیادہ ہوئی۔