حج کوٹہ رواں برس بھی پوری طرح استعمال نہیں کرسکیں گے: سیکرٹری مذہبی امور

اسلام آباد(بیورورپورٹ) سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمن نے کہا حج کوٹہ رواں برس بھی پوری طرح استعمال نہیں کرسکیں گے لیکن کوشش کریں گے آئندہ برس پورا حج کوٹہ استعمال کریں ورنہ یہ کم بھی ہوسکتا ہے،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاالرحمن نے کہا رواںسال 69 ہزار پاکستانی سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے جبکہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت عازمین کی تعداد بھی جلد سامنے آجائے گی،اس بار 40 روز کےساتھ 20 سے 25 روز کا بھی حج متعارف کرایا ہے، اس بار عازمین حج پاکستان سے پری انسٹال موبائل سم کےساتھ سعودی عرب جائیں گے جس سے وہ واٹس ایپ پر پاکستان کال کرسکیں گے جبکہ عازمین حج کو خصوصی فیچر والے بیگ بھی فراہم کیے جارہے ہیں، عازمین کو حج ایپ کی سہولت فراہم کی ہے جس میں فلائٹ شیڈول اور دیگر ضروری معلومات موجود ہیں، عازمین کو راستے سے بھٹکنے سے بچانے کےلئے حج ایپ سے مدد فراہم ہوگی جس میں حج ایپ سے ایک بٹن دبانے سے گم حاجی کی رہائش گاہ تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔