بچوں کاسکولوں سے باہر ہونا مجرمانہ غفلت، تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرینگے،شہبازشریف

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ کیا تعلیم صرف امرا کا حق؟ غریب بچوں کے والدین اتنی محنت نہیں کرتے جتنے اشرافیہ کے کرتے ہیں؟ 2 کروڑ 60 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرینگے۔

دانش سکول سائٹ کے معائنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا شعور و تعلیم کے زیور سے نا آراستہ قوم ترقی نہیں کرسکتی،صحیح معنوں میں بچوں و بچیوں کو تعلیم سے آراستہ کریں گے، نوازشریف کی لیڈرشپ میں دانش سکول کا آغاز کیا، دانش سکول یتیم ،مسکین اور غریب بچوں کا سہار ا بنے، ہزاروں بچوں، بچیوں کے ماں باپ کے پاس تعلیم کیلئے وسائل نہیں تھے، دانش سکول کے چشم و چراغ دنیا میں اپنی قابلیت کا اثر قائم کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا تنقید کے نشتر کا سامنا کرنا پڑا شہبازشریف کیوں بنا رہا ہے، میں نے کہا جب امرا کیلئے ایچی سن کالج بن سکتے ہیں تو غریب، یتیم بچوں کیلئے درسگاہیں کیوں نہیں بناسکتے، اسلام آباد میں شاندار ہاو¿سنگ سوسائٹیز، امرا کے بچوں کیلئے سکول بن چکے، کیا تعلیم صرف امرا کے بچوں کا حق ہے؟ کیا اسلام آباد میں تعلیم غریب بچوں، بچیوں کا حق نہیں۔

شہبازشریف نے کہا وفاق کے لیول پر نئے دور کا آغاز ہورہا ہے، بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، بلوچستان میں وزیراعلیٰ کےساتھ ملکر حصہ ڈالیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان کے تمام ڈویژن میں دانش سکول بنائیں گے، 2 کروڑ سے زائد بچوں کا سکولوں سے باہر ہونا بڑی مجرمانہ غفلت ہے،ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں گے۔

وزیراعظم نے کہانوازشریف کی قیادت میں 2لاکھ ٹیچرز پنجاب میں میرٹ پر بھرتی کئے، میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، کلاشنکوف نہیں ،لیپ ٹاپ دئیے،ایچی سن و مہنگے سکول راستہ روک رہے ہیں، تمام قومی وسائل غریب طلبہ کے قدموں میں نچھاور کریں گے۔

دریں اثنا اپنے بیان میںوزیراعظم شہباز شریف نے خضدار اور کچلاک میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا بزدلانہ کارروائیاں دہشتگردی کےخلاف عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، زخمیوں کوہر ممکن طبی امدادکی فراہمی یقینی بنائی جائے۔