پارٹی میں آستین کے سانپ موجود ہیں:شہریار آفریدی، جو بات کرنی ہے پلیٹ فارم سے کریں: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد،بیورورپورٹ(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات اب کھل کر سامنے آگئے،پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی نے کوہاٹ کے جلسے میں پی ٹی آئی قیادت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا پارٹی کے اندر اس وقت کچھ منافق اور آستین کے سانپ موجود ہیں، چند لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں اب تک خاموش ہوں، مجھے پھٹنے پر مجبور نہ کریں،شہریار آفریدی نے کہا یہ پارٹی ان لوگوں کی ہے جن کی ماوں اور بہنوں کی بے عزتی ہوئی، علی امین گنڈا پور سمیت پوری پارٹی قیادت کو پیغام دیتا ہوں کارکنوں کو اوپر لائیں،رکن قومی اسمبلی نے کہا پارٹی میں پیراشوٹ سے آئے ہوئے لوگوں کو مسترد کرتے ہیں، جنہوں نے پیٹھ میں چھرے گھونپے ان کو پھر سے گلے لگانے نہیں دیں گے،راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے شہریار آفریدی کی دھمکی پر بات کرتے ہوئے کہا شہریار آفریدی کی بہت ساری قربانیاں ہیں، وہ ہمارے ہیرو ہیں، ہماری درخواست ہے جو بات کرنی ہے وہ پارٹی پلیٹ فارم سے کریں،بیرسٹر گوہر نے کہا جو لوگ پارٹی کےخلاف پریس کانفرنس کرچکے اور بیانات دے چکے، ان کا واپس آنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے، جب عمران خان رہا ہوں گے تو اس وقت دیکھیں گے کس کس کو پارٹی میں واپس آنا ہے،بیرسٹر گوہر نے کہا شیرافضل مروت بیک فٹ پر نہیں ہیں اور نہ ہوسکتے ہیں،اس موقع پر شیر افضل مروت نے کہا شہریار آفریدی نے جو بات کی میں اس کی تائید کرتا ہوں، انہوں نے خرم ذیشان کیلئے آواز اٹھائی ہے، خرم ذیشان کا نام ڈراپ کیا جانا بانی پی ٹی آئی کے فیصلے کی توہین ہے،ایک صحافی کے سوال پر شیر افضل نے کہا میں آپ کی بات کو درست قرار دیتا ہوں، میری کھینچا تانی ہورہی ہے، جو لوگ یہ کررہے ہیں میں کھل کر ان کے ساتھ کروں گا، یہ لوگ میرے بغض میں کررہے ہیں اور پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں،یہ درست ہے پارٹی کے اندرکچھ لوگ مجھے فرنٹ فٹ پر نہیں دیکھناچاہتے۔
















