اسلام آباد (مشرق نیوز) قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ ایوان میں ہنگامہ آرائی کرنے پر سپیکر نے سیکیورٹی کو طلب کر لیا، سنی تحریک کے ارکان ایوان میں جوتے لہراتے رہے۔ گیلری میں بیٹھے مہمان سنی اتحاد کونسل کے اراکین سے الجھ پڑے، سپیکر نے گیلری میں جھگڑا ہونے پر تمام افراد کو باہر نکال دیا۔ جمشید دستی اور گیلری میں موجود افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جو بھی تھا اس کو باہر پھنک دیا، بدنظمی پھیلانے والے کو باہر نکال دیا۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت اجلاس جاری ہے، سپیکر ڈائس کے دائیں اور بائیں جانب دو پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں، پولنگ بوتھ میں خصوصی طور پر لائٹ کا انتظام کیا گیا۔ سپیکر نے عمر ایوب کو پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے کا موقع دیا جبکہ سنی اتحاد کونسل اور آزاد ممبران نے احتجاج کرتے ہوئے سپیکر ڈائس کے گھیراو¿ کیا۔
علیم خان کو بیلٹ پیپر کے اجرا پر سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگائے جبکہ عطا تارڑ کے ووٹ ڈالنے پر سنی اتحاد کونسل نے ووٹ چور کے نعرے لگائے۔ نواز شریف کے ایوان میں پہنچنے پر (ن) لیگی اراکین اسمبلی نے سابق وزیراعظم کے گرد حصار بنا لیا۔ سنی اتحاد کونسل اراکین نے نواز شریف کی آمد پر چور کے نعرے لگائے جبکہ لیگی اراکین نے شیر شیر کے ساتھ قیدی نمبر 420 کے نعرے بھی لگائے۔
ملک کی 16 ویں قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے انتخابی عمل شروع ہوگیا۔ قومی اسمبلی کے سپیکر کیلئے مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق اور سنی اتحاد کونسل کے ملک عامر ڈوگر کے درمیان مقابلہ ہے۔
سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کیلئے پولنگ جاری، ایوان میں شدید ہنگامہ آرائی
















