میاں منشی ہسپتال ٹھیکیداروں کی جنت میں تبدیل، بااثر سٹور کیپر کی اندھا دھند کرپشن

لاہور (مقصود خالد) میاں منشی ہسپتال ٹھیکیداروں کی جنت بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ میاں منشی ہسپتال میں سٹور کیپر میاں سرور کے خلاف محکمہ صحت اور انٹی کرپشن میں متعدد انکوائریاں زیرالتوا ہیں۔ ذرائع کے مطابق سٹور کیپر محکمہ صحت کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خود ٹھیکیدار بن گیا ہے۔ ہسپتال میں ہونے والے ٹینڈر اور کوٹیشن مبینہ طور پر اپنی کمپنیوں کو نواز کر کروڑ پتی بن گیا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سابق ہسپتال انتظامیہ سٹور کیپر اور ٹھکیدار کی مبینہ پشت پناہی کا مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ ہسپتال کی ایک اہم شخصیت نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مذکورہ سٹور کیپر جو ڈسپنسر بھرتی ہوا تھا، نے میاں منشی ہسپتال میں تعینات ہونے والے سابق ایم ایس صاحبان سے مبینہ طور پر سازباز کر کے اپنی کمپنیاں بنا کر راتوں رات امیر بننے کا خواب دیکھا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سابق وزیر صحت کے ساتھ رشتہ داری کے دعویدار سٹور کیپر نے پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے برسر اقتدار آنے پر لاہور کے اہم ترین عہدیداروں کو مبارکباد دینے کے بہانے قیمتی تحائف بھی دیکر محکمہ صحت پر پریشر ڈالنا شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ چند روز پہلے موجودہ ایم ایس نے ادویات کے دو ٹرک غیرقانونی طور باہر لیکر جانے والوں کو پکڑ لیا تھا۔