کراچی (بیورو رپورٹ) چیئرمین واپڈ نے کہا ہے کہ کے فور منصوبہ کراچی کیلئے انتہائی اہم ہے اس میں تاخیر کسی صورت قبول نہیں ہوگی۔ چیئرمین واپڈ سجاد غنی کے فور پراجیکٹ کا دورہ کیا جہاں ان کو منصوبے پر تعمیراتی کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، انتظامیہ نے بتایاکہ منصوبے کے تمام سائٹس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ چیئرمین واپڈ انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے کہا کہ کے فور کراچی کیلئے اہم منصوبہ ہے، شیڈول کے مطابق تکمیل کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں، منصوبے کی شیڈول کے مطابق اکتوبر 2024 میں تکمیل کیلئے فنڈز کی بروقت فراہمی اشد ضروری ہے۔ کے فور پراجیکٹ سے کراچی کو کینجھر جھیل سے روزانہ 650 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائیگا۔ یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہوگا، واپڈا اس وقت منصوبے کے پہلے مرحلے کو تعمیر کررہاہے، جس کی تکمیل اکتوبر2024میں شیڈول ہے، منصوبے کے پہلے مرحلے کی بدولت کراچی کو روزانہ260ملین گیلن پانی میسر آئیگا،منصوبے کے پہلے مرحلے کی پی سی ون لاگت126ارب روپے ہے،منصوبے پر اب تک 40ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ چیئرمین واپڈانے منصوبے کی مختلف سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا، جاری تعمیراتی کام کا مشاہدہ کیا،پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین واپڈاکو منصوبے پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی، اس وقت منصوبے کی تمام8سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے کہا منصوبے کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی بروقت فراہمی اشد ضروری ہے، منصوبے کیلئے درکار پاور سسٹم اور پانی تقسیم کرنے کے نظام کی بروقت توسیع جیسے معاملات بھی مساوی اہمیت کے حامل ہیں تاکہ کراچی کے شہری اس منصوبے کے فوائد حاصل کرسکیں۔
کے فور منصوبہ کراچی کیلئے اہم، تاخیر کسی صورت بھی قبول نہیں: چیئرمین واپڈا
















