شوکاز نوٹس چیلنج،میرے خلاف شکایات کو کھلی عدالت میں سنا جائے،جسٹس مظاہر


اسلام آباد(بیورورپورٹ) جسٹس مظاہر نقوی نے جوڈیشل کونسل کے دونوں شوکاز نوٹس سپریم کورٹ میں چیلنج کردئیے،درخواست میں وفاقی حکومت، صدر مملکت،جوڈیشل کونسل کو فریق بناتے ہوئے استدعا کی گئی میرے خلاف شکایات کو کھلی عدالت میں سنا جائے۔

جسٹس مظاہر نقوی نے موقف اختیار کیاقاضی فائز عیسیٰ کیس میں اصول طے کیا گیا ایک جج کےساتھ بھی قانون کے تحت برتاو¿ کیا جائے، میں سابق سی سی پی او حمید ڈوگر تبادلہ کیس سننے والے بنچ کا حصہ رہا، کیس میں 90 دنوں میں انتخابات کا معاملہ زیر بحث آیا وہ 2رکنی بنچ جس کا میں حصہ رہا اس کے از خود نوٹس لینے کی درخواست پر میرے خلاف تضحیک آمیز مہم چلائی گئی۔

مہم چلانے والوں میں سابق کابینہ ممبران شامل تھے، انتخابات کیس میں حال ہی میں جسٹس اطہر من اللہ نے اضافی نوٹ میں کہا انتخابات کے انعقاد میں تاخیر شہریوں کے بنیادی حقوق سلب کرنے کے برابر ہے ، یہ بات ثابت ہے اس وقت کی وفاقی حکومت نے پنجاب اور کے پی میں انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کی۔

جسٹس مظاہر نقوی نے کہا نہ صرف میرے خلاف میڈیا ٹرائل چلایا گیا بلکہ پریس کانفرنسز کر کے تضحیک آمیز بیانات جاری کیے گئے ،پس منظر کے بعد بار کونسلز بالخصوص پاکستان بار کونسل نے شہباز شریف ،کابینہ ممبران سے ملاقات کی، ملاقات کو 21 فروری 2023کو اخبارات نے رپورٹ کیا، فوری بعد بار کونسلز کے ممبران بالخصوص وہ افراد جن کی اس وقت حکومت میں لوگوں سے وابستگی تھی مجھ پر مس کنڈکٹ کے الزامات لگائے ، میرے خلاف جوڈیشل کونسل میں بھیجی گئی شکایات سیاسی مقاصد کے تحت جمع کرائی گئیں۔

علاوہ ازیں جسٹس مظاہر نقوی نے 3 رکنی کمیٹی کو بھی خط لکھ دیا،جسٹس مظاہر نقوی نے خط میں کہا پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے سیکشن 3 کے تحت آپ آرٹیکل 184(3)کی درخواست 14 روز میں سماعت کےلئے مقرر کرنے کے پابند ہیں، 20 نومبر اور 30 نومبر کو سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف 2درخواستیں دائر کیں، دونوں درخواستوں میں عدالت سے عبوری ریلیف کی استدعا کی گئی ،جسٹس مظاہر نقوی نے کہا درخواستیں دائر کرنے کے باوجود سپریم جوڈیشل کونسل میرے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے، درخواست سماعت کےلئے مقرر نہ کرنا میرے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، میری درخواستیں کھلی عدالت میں سماعت کےلئے مقرر کیے بغیر جوڈیشل کونسل نے اگر کوئی فیصلہ دیا تو آئین کے خلاف ہوگا، میری درخواستیں کھلی عدالت میں ایسے بنچ کے سامنے سماعت کےلئے مقرر کی جائیں جس میں جوڈیشل کونسل کے ممبران جج شامل نہ ہوں۔