ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی

اسلام آباد(بیورورپورٹ) ایڈمرل نوید اشرف ہلال امتیاز ملٹری و تمغہ بسالت نے پاک بحریہ کے 23ویں چیف آف دی نیول سٹاف کے طور پر کمان سنبھال لی۔

پی این ایس ظفر اسلام آباد میں تبدیلی کمان کی پروقار تقریب ہوئی ،ایڈمرل امجد نیازی نشان امتیازملٹری وستارہ بسالت نے اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر کمان کی باگ ڈور ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کی۔

سبکدوش ہونےوالے نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی نے الوداعی خطاب میں کہا پاک بحریہ مسلح افواج کا مضبوط و اہم بازو ہے، ملکی بحری سرحدوں کی حفاظت کرنے اوردشمن کے دل میں دھاک بٹھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ایڈمرل امجد نیازی نے مشرقی ہمسایہ ملک کی جانب سے بڑے پیمانے پرملٹری اثاثوں میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا پاک بحریہ چیلنج سے پوری طرح باخبر ہے اور جدید ترین نیول پلیٹ فارمزو آلات کی شمولیت کے ذریعے اپنی حربی تیاروں اور صلاحیتوں کو فروغ دے رہی ہے۔

سبکدوش نیول چیف نے مزید کہابلیواکانومی کافروغ ملک کی مجموعی معاشی ترقی کےلئے بہت اہمیت کاحامل ہے،اہم اقدام کے طور پر پاک بحریہ نے میری ٹائم سیکٹرکی ترقی و بلیو اکانومی سے آگاہی کو فروغ دینے کےلئے وزارت بحری امور کی سرپرستی میں پہلی پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) کا کامیاب انعقاد کیا،آخر میں سبکدوش ہونےوالے امیرالبحر نے ایڈمرل نوید اشرف کو بطور چیف آف دی نیول سٹاف تعیناتی پر مبارکباد دی اورپاک بحریہ کو نئی بلندیوں تک لےجانے کےلئے آنےوالے امیرالبحر پر مکمل اعتماد ونیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کمان تبدیلی کی تقریب میں سینئر سرکاری حکام، سابق نیول چیفس،پاک بحریہ کے حاضر سروس ،ریٹائرڈ افسروں، سی پی اوز،سیلرز اور سول ملازمین نے شرکت کی۔

امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف نے 1989میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، جرمنی ،پاکستان میں ابتدائی بحری تربیت کی کامیاب تکمیل پرقائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا، اپنے شاندار نیول کیریئر کے دوران متعدد کمانڈ وسٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دیں،10سالہ کمانڈز تجربے میں گن بوٹ کی کمانڈ، ایک مائن ہنٹر، 3ڈسٹرائرز ،25اور 18ویں ڈسٹرائر سکواڈرنز کی کمانڈشامل ہیں،ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان نیول اکیڈمی اور پاکستان نیوی فلیٹ کی کمانڈ کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔