ہائی کورٹ‘سابق جج سمیت تمام فریقین کو شوکاز نوٹس جاری

اسلام آباد:(لیڈرنیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے خبر شائع کرنے والے تمام فریقین کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سات روز میں تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی، اگلی سماعت کے لیے عدالت نے تمام فریقین کو دوبارہ طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان کے انکشافات پر از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ رانا شمیم غیر حاضر رہے۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ یہ پورے عدالتی نظام اور خاص طور پر ہائی کورٹ پر الزام ہے، یہ کوئی عام کیس نہیں ہے، اس کے بہت سنگین نتائج ہوں گے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ان کی رپورٹ نے ہائیکورٹ میں سوالات اٹھا دیے ہیں، مجھے عدالت کے ہر جج پر اعتماد اور بھروسہ ہے، ججز بھی جوابدہ ہیں اور ان پر تنقید بھی ہونی چاہیے، لوگوں کا عدالت سے اعتماد اٹھ جائے تو ، غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے میر شکیل کو کہانی کی سرخی پڑھنے کی ہدایت کی جس پر میر شکیل الرحمان نے کہا کہ میرے پاس عینک نہیں ہے۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ ججز پر تنقید ضرور کرنی چاہیے لیکن عوام کا اعتماد نہیں۔ ہم اپنا دفاع نہیں کر سکتے۔ میرے خلاف سوشل میڈیا پر کئی بار مہم چلائی جا چکی ہے۔ حلف نامہ باہر کیوں نوٹرائز کیا؟ یہ حلف نامہ اس عدالت کے کسی ریکارڈ کا حصہ بھی نہیں ہے۔چیف جسٹس نے سینئر صحافی سے سوال کیا کہ کیا آپ تفتیش کے ماہر صحافی ہیں، کیا آپ نے خود تفتیش کی؟ آپ نے عدالتی بنچ کو کب چیک کیا؟ آپ رجسٹرار کو بلا کر چیک کر سکتے تھے۔ جب اپیل دائر کی گئی تو میں اور جسٹس عامر فاروق ملک میں نہیں تھے۔ اگر کوئی چیف جسٹس میرے سامنے ایسا بولے تو سپریم جوڈیشل کونسل میں جاو¿ں گا۔ گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا شمیم عدالت سے غیر حاضر رہے جس پر ان کے بیٹے رانا شمیم کا کہنا تھا کہ والد رات کو اسلام آباد پہنچے تھے اور طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔ رانا شمیم کے بیٹے نے عدالتی عملے سے کمرہ عدالت میں ویڈیو چلانے کی اجازت مانگی۔


#Pakistan #Islamabad High Court  #contempt of court show cause notices to all the parties publishing the news #rana shamim