اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کی تھیں تو پہلے بلاول بھٹو سیٹوں سے استعفیٰ دیں،بلاول بھٹو پنجاب کی بات کرتے ہیں تو سندھ کا بھی جائزہ لیں۔
اپنے بیان میں طارق فضل چودھری نے کہا بلاول مخصوص نشستوں سے استعفیٰ دیں پھر ہم بھی سوچیں گے،ریفرنڈم کا آئینی طریقہ کار موجود ،کسی معاملے پر براہ راست عوام کی رائے لی جاتی ہے، بلاول بھٹو اتحادی ہیں اور رہیں گے، اتحادی جماعتوں کو الگ موقف رکھنے کا حق حاصل ہے۔
وفاقی وزیر نے کہانظام کی اصلاح ،مستقبل کے فیصلوں کا اختیار کسی ایک سیاسی جماعت کی اجارہ داری نہیں، عوام کی امانت ہے، عوامی ریفرنڈم کو چور دروازہ قرار دینا جمہوری سوچ کی عکاسی نہیں کرتا،پارلیمان میں بحث کےساتھ عوام کو بھی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا آئینی و جمہوری حق ملنا چاہیے،بلاول بھٹو صاحب! پیپلز پارٹی 18 سال سے سندھ میں برسراقتدار ہے، پیپلز پارٹی 2022 سے وفاقی حکومت میں بھی شریک اقتدار رہی ،نظام کی اصلاح کی بات کرنے سے پہلے اپنی حکمرانی ،کارکردگی کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔
طارق فضل چودھری نے کہا احتساب کا اصول یکطرفہ نہیں ہوسکتا، ہر سیاسی جماعت ،قیادت عوام کے سامنے جوابدہ ہے، ریفرنڈم کوئی غیر جمہوری تصور نہیں ،آئین میں موجود آئینی راستہ ہے، پیپلز پارٹی جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے تو عوام کی براہ راست رائے لینے پر اعتراض کیوں؟،سیاست کا مقصد اقتدار کی رسہ کشی نہیں ،25 کروڑ عوام کی خوشحالی ہونا چاہیے۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا پی ٹی آئی قومی دھارے کی سیاست میں واپس آنا چاہتی ہے تو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہو،مثبت تجاویز حتمی مسودے میں شامل کریں گے،اپوزیشن جلد اپنے نام حتمی کرے،عامر ڈوگر سے ملاقات میںانتخابی اصلاحات کمیٹی پر تبادلہ خیال کیا،اپوزیشن کے نام ملتے ہی سپیکر کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے،کمیٹی میں آئندہ انتخابات کے علاوہ موجودہ سیاسی حالات پر بھی بات ہو سکتی ہے۔
بلاول مخصوص نشستوں سے استعفیٰ دینے کی پہل کریں،طارق فضل چودھری
















