اسلام آباد (مشرق نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کیساتھ ہماری شراکت داری کی علامت ہے اور معاہدہ کسی ملک کیخلاف نہیں۔ اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام عالمی کانفرنس مارگلہ ڈائیلاگ میں ملکی و غیر ملکی ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اور کثیر الجہتی سفارتکاری کو فروغ دیا جائے، عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق کو جنم دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ ہماری شراکت داری کی علامت ہے، مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، پاکستان خطے میں پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط ماحول کا خواہاں ہے، کسی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہو، پاکستان موثر اقدامات کا حامی ہے۔
انکا کہنا تھاکہ پاکستان بدلتی عالمی صورتحال میں دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، چین کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، یو اے ای اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات اہم ہیں، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون علاقائی امن و استحکام کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان قومی سلامتی مضبوط بنانے کے ساتھ سفارتی روابط اور ترقی کے مواقع بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو مزید مو¿ثر کردار ادا کرنا ہوگا، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، عالمی سکیورٹی انفراسٹرکچر اس وقت شدید دباوکا شکار ہے، خطے اور دنیا کو درپیش چیلنجز پر مارگلہ ڈائیلاگ کا انعقاد اہم ہے، امن اور خوشحالی کیلئے تنازعات کا مذاکرات اور سفارتکاری سے حل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کے پرامن حل کا بھرپور حامی ہے، عالمی طاقتوں کی کشمکش سے تصادم اور غلط اندازوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے، فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کی گنجائش محدود ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں آرہی ہیں، موجودہ حالات میں سفارتکاری کیلئے گنجائش بڑھانے کی ضرورت ہے، سیاسی اختلافات کی وجہ سے کثیر الجہتی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے، بین الاقوامی اصولوں پر غیر یکساں عملدرآمد سے تمام ممالک کی سلامتی متاثر ہوتی ہے، جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی امور ایک دوسرے سے تیزی سے جڑ رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ تک رسائی پر مسابقت کے اثرات بڑھ رہے ہیں، قومی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اندرونی مضبوطی اور مو¿ثر سفارتکاری ضروری ہے، ابھرتے ہوئے عالمی نظام کی شکل ابھی تک غیر یقینی ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ دفاعی و تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ اور معاشی ترقی کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ترجیح ہے، کاروبار کے فروغ، روزگار کے مواقع اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مضبوط ادارے، ہنرمند افرادی قوت اور کاروبار دوست ماحول ضروری ہے، ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔
مکہ معاہدہ سعودیہ، ترکیہ کیساتھ شراکت داری کی علامت، کسی کیخلاف نہیں: اسحاق ڈار















