راولپنڈی،اسلام آباد،بنوں: (بیورورپورٹ،مشرق نیوز)شمالی وزیرستان،بلوچستان میں آپریشنز،خودکش حملہ آور،افغانیوں سمیت24دہشتگرد ہلاک،میجر سمیت پاک فوج کے 4جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ ،نوشکی کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے،13،14 نومبر کی درمیانی شب کولپور کے علاقے میں کارروائی کے دوران 8 دہشتگردوں کو ہلاک کرکے قبضے سے اسلحہ ،گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا،دہشتگردوں نے گشت پر مامور سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹر ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا،بزدلانہ حملے میں ضلع چکوال کے رہائشی میجر عمر منہاس ناصر ،کوٹلی ستیاں کے رہائشی حوالدار عدنان خان شہید ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں سکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، مقامی آبادی کے تحفظ ،دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھرپور انداز میں جاری رہیں گے۔
دریں اثنا آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران علی خیل میں 2افغان باشندوں سمیت 12 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا،میر علی ،دتہ خیل میں 2، 2دہشتگردانجام کو پہنچے،ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا ،دہشتگردوں کےساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار عصمت علی ،نائیک آفتاب علی نے جامِ شہادت نوش کیا، شہید حوالدار عصمت علی کا تعلق صوابی ،نائیک آفتاب علی کا تعلق مردان سے تھا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہلاک خوارج معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشتگردکارروائیوں میں ملوث تھے ،عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کےخلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
دریں اثنا صدر،وزیراعظم نے 24 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاقوم بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے،حوالدار عصمت ،نائیک آفتاب کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،کارروائیاںآخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری طاقت سے جاری رہیں گی،دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے پوری قوم ،تمام قانون نافذ کرنےوالے ادارے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے بنوں میں کنگر پل چوکی پر حملہ ناکام بنا دیا، 4دہشتگرد مارے گئے،سینٹرل پولیس آفس کے مطابق خوارج نے نصف شب چوکی کنگر پل پر بزدلانہ حملہ کیا تاہم پولیس نے بروقت ،فوری کارروائی کر کے 4خوارج کو ہلاک جہنم واصل کیا،آئی جی نے کہا حملے کو پسپا کرنا جوانوں کی اعلیٰ تربیت و جانبازی کا ثبوت ہے، دہشتگردوں کےلئے خیبر پختونخوا کی سر زمین پر کوئی جگہ نہیں، خاتمہ یقینی بنائیں گے۔
شمالی وزیرستان،بلوچستان میں آپریشنز،24دہشتگرد ہلاک،میجر سمیت 4جوان شہید















