نیویارک (مشرق نیوز) اقوام متحدہ میں امریکی نمائندے مائیک والٹز نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اس بات پر پرعزم ہیں کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے جبکہ واشنگٹن اس مقصد کیلئے ایران پر زیادہ سے زیادہ دباو جاری رکھے گا۔
الجزیرہ کے مطابق مائیک والٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ایران کیلئے مذاکرات کی میز پر واپس آنے کا دروازہ اب بھی کھلا ہے تاہم اس کیلئے تہران کو سنجیدگی اور نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات میں واپس آنا ہوگا۔
نیویارک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے والٹز نے امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کو کئی دہائیوں سے جاری تنازع کا تسلسل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو جوہری چھتری حاصل کرکے آبنائے ہرمز سمیت دنیا کو دباو میں رکھنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ ایران نے مسلسل جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کی تردید کی ہے اور اپنے جوہری پروگرام کو پرامن مقاصد کیلئے قرار دیا ہے۔
2015 میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ ہوا تھا تاہم صدر ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت صدارت میں 2018 میں امریکہ کو اس معاہدے سے الگ کرلیا تھا۔ حالیہ صورتحال میں بھی دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات کا معاملہ تعطل کا شکار ہے تاہم ایران نے قطر کے ذریعے امریکہ کو جنگ کے خاتمے اور مذاکرات سے متعلق اپنی شرائط پہنچانے کی تصدیق کی ہے۔
ایران کیلئے مذاکرات کی میز پر واپس آنے کا دروازہ اب بھی کھلا ہے: امریکہ

















