پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ٹرین مارچ کرینگے: حافظ نعیم الرحمن

لاہور (مشرق نیوز) جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسوں اور مہنگائی کے خلاف حکومت پر دباو بڑھانے کیلئے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ سے قبل ٹرین مارچ کا اعلان کردیا۔ جماعت اسلامی نے حکومت کی جانب سے مطالبات پر پیشرفت نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر پہیہ جام اور شٹر ڈاون کا آپشن بھی برقرار رکھا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف نہ ملا تو احتجاجی دھرنوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائیگا۔

پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے کے مقام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنوں کا آج 23واں روز ہے۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ تحریک کا حصہ بن رہے ہیں۔ ان کے بقول دھرنوں سے عوام میں اپنے حقوق کے حوالے سے شعور پیدا ہوا ہے، جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ واضح ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 92 سے 97 ڈالر فی بیرل کے درمیان ہے، اس کے باوجود حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام پر بوجھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی، بالخصوص موٹر سائیکل سوار، بھاری لیوی اور ٹیکس ادا کر رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے مقررہ ہدف سے زیادہ پیٹرولیم لیوی وصول کی، جبکہ گزشتہ 4 برس میں ایف بی آر میں 5 ہزار ارب روپے سے زائد کی کرپشن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی اور اضافی ٹیکس عوام کو کسی صورت منظور نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی تکنیکی کمیٹیوں کا پہلا اجلاس آج ہوگا۔ جماعت اسلامی کی کمیٹی ماہرین پر مشتمل ہے اور حکومت سے بھی توقع ہے کہ وہ مذاکرات کیلئے متعلقہ شعبوں کے ماہر افراد کو نامزد کرے گی۔ مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ مزید بڑھایا جائیگا۔