اسلام آباد: ( ) پاکستان ، سعودی عرب نے دفاعی تعاون کے بعد اقتصادی و زرعی شراکت داری کو نئی سطح پر لے جانے پر اتفاق کر لیا ۔
سعودی عرب کے وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ، دونوں ممالک کے درمیان زرعی، آبی وسائل، غذائی تحفظ و اقتصادی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے سعودی وزیر ، وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا پاکستان ، سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں، وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف نے کہا سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے نے تینوں ممالک کو مزید قریب لانے کے ساتھ خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا ۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان اور سعودی عرب سٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں ممالک کو اب اقتصادی و زرعی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے، جس سے دونوں ممالک کو باہمی فائدہ حاصل ہو۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی مصنوعات کی تجارت، بالخصوص پاکستان سے سعودی عرب کو زرعی مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے جاری مثبت تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
مکہ دفاعی معاہدے نے خطے میں اتحاد اور امن کا پیغام دیا: وزیراعظم

















