موریطانیہ کشتی حادثہ کیس، انسانی سمگلر کو 10 سال قید بامشقت


گوجرانوالہ: (بیورورپورٹ) موریطانیہ کشتی حادثہ کیس میں سپیشل جج سنٹرل ون نے انسانی سمگلر طارق محمود کو مجموعی طور پر 10 سال قید بامشقت ،20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

ایف آئی اے کے مطابق مجرم طارق محمود نے 2 نوجوانوں کو سپین بھجوانے کے نام پر متاثرہ خاندان سے 80 لاکھ روپے وصول کیے ، موریطانیہ کشتی حادثے میں متاثرہ خاندان کا بیٹا ،بھتیجا جاں بحق ہو گئے تھے۔

عدالت نے جاں بحق نوجوانوں کے ورثامصباح ،جعفر کو 10، 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا،عدالتی فیصلے کے مطابق مجرم کو امیگریشن آرڈیننس کی دفعہ 22 بی کے تحت 10 سال قید بامشقت ،10 لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 17 ٹو بی کے تحت 4 سال قید ، 5 لاکھ روپے جرمانہ ،سمگلنگ ایکٹ کے تحت 7 سال قید ،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی،مجرم کی تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔