لاہور (کرائم رپورٹر) شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔آئی جی پنجاب نے مزار پر سلامی پیش کی اور علامہ اقبال کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں تحریک آزادی کیلئے جدوجہد کا نیا جوش اور جذبہ پیدا کیا۔ ان کے افکار، شاعری اور انصاف پسندی کا درس پنجاب پولیس کیلئے مشعل راہ ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ یوم اقبال بحیثیت قوم اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم علامہ اقبال کے افکار و نظریات کو اپنی زندگیوں میں مشعل راہ بنائیں۔اس موقع پر اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی فاروق سلطان سمیت ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب عبدالکریم نے شاعر مشرق اور مصور پاکستان علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں تحریک آزادی کیلئے جوش و جذبے کی نئی روح پھونکی اور انہیں آزادی کے حصول کیلئے متحد کیا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری، افکار، انصاف پسندی اور خودداری کا درس پنجاب پولیس کیلئے مشعل راہ ہے۔ یوم اقبال بحیثیت قوم اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم علامہ اقبال کے افکار اور تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ اقبال کا پیغام خودی، عمل، اتحاد اور یقین محکم ہماری قومی ترقی کا بنیادی راستہ ہے۔ ان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی ایک مضبوط، پرامن، خودمختار اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر ممکن ہے۔
آئی جی پنجاب کی مزار اقبال پر حاضری، پھول چڑھائے


















