لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی رکنیت معطل نہ کئے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے ہراسانی سے متعلق تمام مبینہ ثبوت سوشل میڈیا پر سامنے لانے کا اعلان کر دیا۔ ایک انسٹاگرام سٹوری میں مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا کہ وہ پہلے دن سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ ثاقب چدھڑ کو انکے عہدے سے معطل کیا جائے تاکہ وہ اپنے وسائل اور اثرورسوخ کو مبینہ طور پر ان کیخلاف استعمال نہ کر سکیں۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ لیگی ایم پی اے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور انکے گھر پر مبینہ طور پر لوگوں کو بھیجا گیا۔ مومنہ اقبال نے تفتیش پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص پر انہیں ہراساں کرنے کا الزام ہے، اس سے اور اسکی اہلیہ سے انکے بقول مناسب تحقیقات نہیں کی گئیں۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے کو چھوڑنے والی نہیں ہیں اور ضرورت پڑنے پر اپنے پاس موجود تمام ثبوت سوشل میڈیا پر پیش کر دیں گی تاکہ عوام خود فیصلہ کر سکیں۔
ہراسانی کیس: مومنہ اقبال کا تمام ثبوت سوشل میڈیا پر سامنے لانیکا اعلان


















