علی ظفر کا کینیڈا میں کنسرٹ، 45 ہزار افراد شریک

مسی ساگا (مشر ق نیوز) پاکستان کے معروف گلوکار، اداکار اور موسیقار علی ظفر نے کینیڈا میں ایک تاریخی کنسرٹ کے دوران نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ کینیڈا کے شہر مسی ساگا کے مشہور مقام سیلبریشن سکوائر میں ہونے والے اوپن ائیر کنسرٹ میں تقریباً 45 ہزار افراد نے شرکت کی جسے منتظمین نے اس مقام کی تاریخ کا سب سے بڑا میوزیکل اجتماع قرار دیا ہے۔

منتظمین کے مطابق شائقین کی بڑی تعداد کی وجہ سے مجمع صرف سیلیبریشن سکوائر تک محدود نہیں رہا بلکہ اطراف کی سڑکوں اور قریبی سینٹر کے احاطے تک پھیل گیا۔ یہ کنسرٹ علی ظفر کے روشنی ٹور 2026 کے شمالی امریکہ مرحلے کا اختتامی شو تھا، مفت اوپن ائیر پروگرام میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی، بچوں، نوجوانوں، خاندانوں اور بزرگوں پر مشتمل متنوع مجمع نے پورے کنسرٹ کے دوران بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

کنسرٹ کا یادگار ترین لمحہ اس وقت آیا جب علی ظفر نے اپنا مقبول گانا جھوم پیش کیا اور ہزاروں مداحوں نے اپنے موبائل فونز کی لائٹس روشن کردیں جس سے پورا مقام روشنیوں کے سمندر میں تبدیل ہو گیا۔ بعد ازاں علی ظفر سٹیج سے نیچے اتر کر مداحوں کے درمیان بھی گئے جس پر حاضرین نے زبردست جوش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک انسانیت کا حصہ ہیں، دنیا کے کسی بھی کونے میں رہیں، اپنی جڑوں اور ثقافت پر فخر کرنا چاہیے، ایک دوسرے کے انتخاب اور آزادی کا احترام ہی ہمیں جوڑے رکھتا ہے۔ علی نے خواتین کے اپنے فیصلے خود کرنے کے حق، بچوں کے خوابوں کی حوصلہ افزائی اور خاندانوں میں بہتر رابطے اور سمجھ بوجھ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

کانسرٹ کے اختتام پر ہزاروں مداح علی ظفر کے ساتھ گاتے رہے اور منتظمین سمیت متعدد شرکا نے اس شام کو مسی ساگا کی ثقافتی تاریخ کے یادگار ترین پروگراموں میں سے ایک قرار دیا۔