ایم کیو ایم اور سندھ حکومت آمنے سامنے،ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ


کراچی:(بیورورپورٹ)ایم کیو ایم اور سندھ حکومت آمنے سامنے،ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا 18 برسوں سے کراچی قبضہ مافیا کے حوالے ،سرکاری زمینوں کی بندر بانٹ ہورہی ہے،کے ایم سی کے بعض افسر لوٹ مار،قبضہ مافیا کےساتھ ملی بھگت میں ملوث ہیں، زمینوں پر قبضے، غیر قانونی تعمیرات اور جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے،کوئی پوچھنے والا نہیں۔

فاروق ستار نے کہا صوبائی حکومت اور وڈیرے شہر کی تباہی میں شریک ،ہل پارک میں قیمتی پلاٹس مبینہ طور پر ہیرا پھیری کے ذریعے فروخت کیے جا رہے ہیں،ایک سال سے وزیراعظم کو مسلسل خطوط لکھ رہے ہیں سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنےوالوں کو بے نقاب کیا جائے۔

سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا فاروق ستار مسلسل الزامات لگا رہے ہیں لیکن ”الزامات کی ہانڈی بار بار نہیں چڑھتی“،منفی سیاست و الزام تراشی کا وقت گزر چکا اب فیصلے صرف میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر ہوں گے،ہل پارک ہو یا گل پلازہ، قانون کا ہتھوڑا سب پر یکساں چلے گا اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا،کے ایم سی کو کنگال کس نے کیا، جواب عوام بخوبی جانتے ہیں،12مئی واقعات کے ذمہ دار خود کو پارسا ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو سختی سے روکا جائے گا۔