ٹرمپ تاریخ میں تیسری بار سفارتکاری کےساتھ غداری کر رہے ہیں،ایران

تہران:(مشرق نیوز)ایران نے آبنائے ہرمز میں قریبی شراکت دار ممالک چین ،روس کو خصوصی تجارتی و بحری سہولتیں دینے کا اعلان کردیا۔

پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہاخطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر آبنائے ہرمز سے گزرنے والے روسی ،چینی جہازوں کےساتھ خصوصی تعاون کیا جائے گا،تمام شراکت دار ممالک کےساتھ ترجیحی بنیادوں پر تعاون جاری رکھےں گے تاکہ باہمی اقتصادی و تجارتی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ابراہیم عزیزی نے کہاایران ،پاکستان کے درمیان ہونےوالے حالیہ مشاورتی اجلاس انتہائی اہم و تعمیری رہے ،اب تک ہونے والے تمام مذاکرات میں افزودہ یورینیم کی کسی دوسرے ملک منتقلی کا معاملہ بالکل بھی زیر بحث نہیں آیا،یورینیم منتقلی کا معاملہ امریکہ کےساتھ ہونے والے کسی بھی قسم کے رابطوں یا پیغامات میں بھی شامل نہیں ،ایران اپنے جوہری حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

دریں اثنا سپریم لیڈر کے سینئر مشیر محسن رضائی نے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تاریخ میں تیسری بار سفارتکاری کےساتھ غداری کر رہے ہیں،امریکہ کی جانب سے آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی بدستور جاری رہنا امن دعووں کے برعکس ہے،امریکہ نے پس پردہ مذاکرات میں ایران کے سامنے بہت زیادہ سخت و ناقابل قبول مطالبات رکھے۔

محسن رضائی نے کہا امریکہ دراصل کسی پرامن ڈیل یا معاہدے میں سنجیدہ نہیں بلکہ بات چیت کی آڑ میں خطے میں کوئی اور سیاسی و عسکری مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔