گرینڈ صفائی آپریشن میں نئے ریکارڈ ،طوفانی بارشوں میں متعلقہ اداروں کوہائی الرٹ رہنے کا حکم


لاہور:(نمائندہ خصوصی)پنجاب کے گرینڈ صفائی آپریشن میں ریکارڈ در ریکارڈ درریکارڈقائم ہوگئے،گرینڈ صفائی آپریشن میں ایک لاکھ 84ہزار ورکرز ،60ہزار گاڑیوں نے حصہ لیا اور 60لاکھ کلومیٹر ایریا کورکیا،3لاکھ 60ہزار ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں، 60ہزار مساجد،امام بارگاہوں ،عید گاہوں کی صفائی ،4ہزارمقامات کو عرق گلاب سے معطرکیاگیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے صفائی آپریشن کی کامیابی پر اظہار تشکر ،پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا بے مثال و تاریخی صفائی آپریشن کی کامیابی شاندار ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،عید الاضحی کے تینوں روز غیر معمولی ٹیم ورک ،عزم کا مظاہرہ کیا گیا،وزیر بلدیات، آئی جی،کمشنرز،ڈی سی، ضلعی انتظامیہ،ڈی جی ستھرا پنجاب،ایم ڈی واسا، سیف سٹی ٹیم،پولیس،سپیشل برانچ، سوشل میڈیا ٹیم اور ہر ڈیپارٹمنٹ داد وتحسین کا مستحق ہے۔

مریم نواز نے کہا صفائی آپریشن میں حصہ لینے والے ہر ڈیپارٹمنٹ کے افسر ،اہلکار قابل تحسین ،شاندار صفائی،ڈسپوزل آپریشن، سیکورٹی انتظامات و مسلسل مانیٹرنگ کامیابی کی مثال ہے،عوام کو بے مثال صفائی سے ریلیف ، آسانی کا احساس دلایا گیا،صفائی آپریشن میں پوری ٹیم نے منظم و یکسو ہوکر مثال قائم کردی،آپریشنل ریسپانس کو ہر سطح پر سراہا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاعید الاضحی کے موقع پر فیلڈ میں ایس او پیز کے نفاذ کو ذمہ داری کےساتھ یقینی بنانے والے افسر ،ٹیم کو خاص طور پر سراہا جانا چاہیے، مجھے یقین ہے عوام کی خدمت کےلئے آئندہ بھی اسی ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

دریں اثناوزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کے دوران تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے ،پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کاحکم دیتے ہوئے کہابارشی پانی کی فوری نکاسی کےلئے واسا آپریشنز کی مسلسل نگرانی ،موثر مانیٹرنگ ،برساتی نالوں، ڈرین کی مانیٹرنگ اور شہری و دیہی علاقوں میں تمام مین ہولز پر ڈھکن یقینی بنائے جائیں،اربن ایریا زمیں بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے،محکمہ آبپاشی کی ٹیمیں الرٹ رہیں، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کےلئے تمام متعلقہ ادارے متحرک ، مستعد رہیں۔