بروقت تکمیل کیلئے تعمیراتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے زیر تعمیر سلاٹر ہاوس اور اندرون جنرل بس سٹینڈ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا جبکہ چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے منصوبوں کی پیشرفت، تعمیراتی معیار اور جاری کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جا سکیں۔ انہوں نے خصوصی طور پر اندرون جنرل بس سٹینڈ میں جاری تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مزدوروں اور عملے کیلئے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ داخلی اور خارجی راستوں کو ہموار اور کھلا رکھا جائے تاکہ شہریوں اور مسافروں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر مسافروں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر بس سٹینڈ پر بہترین سہولیات کی فراہمی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔