اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم نے واضح کردیادہشتگردی کےخلاف آپریشن غضب للحق پوری قوت ،عزم کےساتھ جاری رہے گا ،پاکستان نیٹ ریجنل سٹیبلائزر کے طور پر خطے اور دنیا میں امن، استحکام ،ترقی کےلئے اپنا کردارادا کر رہا ہے۔
شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں فیکلٹی و زیر تربیت افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان اپنی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کے دفاع کےلئے ہر قیمت چکانے کو تیار ہے، افغان طالبان میں موجود دہشتگرد پراکسیوں کےخلاف اور معصوم شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کےلئے آپریشن غضب للحق بھرپور عزم کےساتھ جاری رہے گا ،دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور معاونت فراہم کرنے والے ڈھانچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،دہشتگردوں کی پناہ گاہوں ،معاون ڈھانچوں کو موثر سزا دی جائےگی۔
وزیراعظم نے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں و قومی سلامتی کےلئے قربانیوں ،معرکہ حق میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا بھارت کی بلااشتعال و جارحانہ کارروائیوں کے مقابلے میں پاکستان نے ذمہ دارانہ طرز عمل، تحمل اور دانش مندی کا مظاہرہ دکھایا، عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا۔
شہبازشریف نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی عوام کےلئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا اور دوست ممالک سے آئے افسروں کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے عسکری سفارت کاری ،دفاعی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
قبل ازیں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ آمد پر وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیا، وزیراعظم کےساتھ وفاقی وزرا،وزیراعلیٰ بلوچستان بھی موجود تھے۔
دریں اثنا وزیراعظم کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی،بلوچستان کی امن و امان صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ،شرکانے سکیورٹی فورسز ،شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ،آئی جی بلوچستان ایم طاہر نے سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں امن دشمن عناصر کےخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا،ایپکس کمیٹی شرکا نے کہا امن دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں، شہدا کی قربانیوں سے بلوچستان اور ملک میں پائیدار امن قائم ہوگا۔
آپریشن غضب للحق پوری قوت وعزم کےساتھ جاری رہے گا، وزیراعظم شہباز شریف


















