اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کوئی پاکستانی نہیں چاہتا کہ پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تعلقات خراب ہوں۔ جامعہ منظور اسلامیہ لاہور کینٹ میں اتحاد امت کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کوئی پاکستانی نہیں چاہتا کہ پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تعلقات خراب ہوں اور پاکستانی یہ بھی نہیں چاہتے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو، دعا ہے کہ افغان عبوری حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوں، افغان عبوری حکومت اورعلما سے کہتے ہیں کہ بے گناہ بچوں اورخواتین کو شہید کرنا جہاد نہیں بلکہ گناہ اورجرم عظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 36 روز گزر گئے مسجد الاقصیٰ میں نماز نہیں ہو رہی، ایران حملے کے بعد اسرائیل کو موقع ملا اور اس نے نماز عید نہیں ہونے دی، 1967ءکے بعد اب مسجد الاقصی میں نماز عید نہیں ہوئی، ایران و اسلامی عالم میں تصادم نہیں ہونا چاہیے، عاصم منیر اور شہبازشریف نے برادر اسلامی ممالک سے مل کر کوشش کی کہ جنگ نہ ہو، آج کے دور میں افواہ سازی بے بنیاد پروپیگنڈا جس انداز سے پھیلایا جاتا ہے بھگوڑے یوٹیوبر ملکی وقار کو مجروع کررہے ہیں۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ایران کے صدر نے ٹویٹ میں پاکستان زندہ باد لکھا، سعودی عرب کے وزیر خارجہ پاکستان آئے جس پر پروپیگنڈا کیا کہ وہ نہیں آ رہے، پاکستان کے کہنے پر سعودی عرب نے ایران کو کوئی جواب نہیں دیا، متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہمارے بھائیوں جیسے تعلقات ہیں، اگر کوئی ملک پاکستان سے مالی تعاون کرتا ہے اس کے معاہدات طے ہوتے ہیں اس پر منفی پروپیگنڈا کیا گیا کہ تعلقات خراب ہوجائیں۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان نے باہمی اتحاد سے قومی امن کمیٹی کے ضابطہ اخلاق کے تحت پاک یو اے ای کے درمیان غلط فہمیوں کا مقابلہ کرکے قوم کو آگاہی دی، ایرانی حملے سے پہلے افغانستان سے پاکستان پر حملہ کروایا جس کے پیچھے اسرائیل و بھارت تھا تاکہ پاکستان سفارت کاری نہ کر سکے، اس وقت ایران بھی پاکستان زندہ باد کہہ رہا ہے اور سعودی عرب بھی پاکستان کی تعریف کررہا ہے، افواہ ساز کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، دو ارب مسلمان حرمین کے تحفظ کیلئے متحد ہیں، بھارت کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ ہم جنگ مانگتے نہیں ہیں لیکن اگرکوئی جارحیت کی تو پہلے سے سخت جواب ملے گا۔ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ پاکستان کا کام امن کے قیام کیلئے کوششیں کرنا ہے، پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے، آگ پر پانی ڈالتے رہیں گے، جب ملک میں امن ہوگا، معیشت بہتر ہوگی تو مہنگائی کم ہوگی۔
پاکستان کے کہنے پر سعودی عرب نے ایران پر کوئی جوابی حملہ نہیں کیا: طاہر اشرفی



















