ملک بھر میں بارشوں سے تباہی،نشیبی علاقے زیر آب،43افراد جاں بحق،متعدد زخمی


اسلام آباد،لاہور،پشاور،کوئٹہ،کراچی: (بیورورپورٹ،وقائع نگار)ملک بھر میں بارشوں سے تباہی،نشیبی علاقے زیر آب،43افراد جاں بحق،متعدد زخمی ہوگئے۔

آزاد کشمیر ، گلگت ،اسلا م آباد سمیت ملک بھر میں بارشوں و بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم پھر سرد ہوگیا ، کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال ،نشیبی علاقے زیر آب آگئے، شہریوں نے گرم کپڑے نکا ل لئے۔

خیبرپختونخوا کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا25 مارچ سے جاری بارشوں و طوفانی موسم کے باعث گھروں کی چھتیں ،دیواریں گرنے سے 30 افراد جان سے گئے،مرنے والوں میں 20 بچے، 5خواتین ،5مرد شامل ہیں،مجموعی طور پر 140 گھروں کو نقصان پہنچا۔

ادھر بلوچستان میں پی ڈی ایم اے کے مطابق کوئٹہ، کچھی ،ژوب میں چھتیں گرنے سے مزید 2افراد لقمہ اجل بنے،صوبے میں مرنےوالوں کی تعداد 9ہو گئی، 6اضلاع میں املاک ، فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

علاوہ ازیں پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران بارش ،آندھی کے باعث متعدد واقعات میں 2افراد جاں بحق،18زخمی ہوگئے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے بلاضرورت سفر سے گریز ،حساس سیاحتی مقامات پر نہ جائیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں،عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ سے بروقت معلومات حاصل کریں ۔