پاکستانی اداکار وڈیجیٹل کونٹینٹ کریئٹر معراج حق نے اداکارہ ہانیہ عامر کی جانب سے پوڈ کاسٹ کیلئے 20 لاکھ مانگنے کا دعویٰ کرنے والے میزبان عدنان فیصل کو بے نقاب کردیا۔ اداکارہ ہانیہ عامر اس وقت پاکستان کی سب سے بڑی جنریشن زیڈ (جین زی) سٹار سمجھی جاتی ہیں اور وہ متعدد ہٹ ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔
گزشتہ سال اس وقت ایک تنازع سامنے آیا جب ایف ایچ ایم کے مالک اور میزبان عدنان فیصل نے اداکارہ کو پوڈکاسٹ کیلئے مدعو کیا۔ عدنان فیصل نے الزام لگایا گیا کہ ہانیہ عامر نے اس شو کیلئے 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ عدنان فیصل نے اس بات کا انکشاف ٹی وی پر کیا تھا اور حال ہی میں انہوں نے فیصل قریشی کی رمضان ٹرانسمیشن میں ایک بار پھر اس معاملے پر بات کی۔
عدنان فیصل نے دوبارہ دعویٰ کیا کہ ہانیہ عامر نے واقعی پوڈکاسٹ کیلئے 20 لاکھ روپے مانگے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اب تک 700 انٹرویوز کر چکے ہیں اور انہوں نے کسی کو بھی ادائیگی نہیں کی۔ انکا کہنا تھا کہ جب انہوں نے فیصل قریشی جیسے بڑے نام کو بھی ادائیگی نہیں کی تو وہ ہانیہ عامر کو کیوں پیسے دیں گے۔
اس بیان کے بعد ایک بار پھر ہانیہ کے مبینہ مطالبے پر بحث شروع ہو گئی۔ اب کانٹینٹ کریئیٹر اور اداکار معراج حق نے عدنان فیصل کو بے نقاب کرتے ہوئے ان پر مبینہ منافقت کا الزام لگایا۔ معراج حق نے بتایا کہ عدنان کی ٹیم نے انہیں پوڈکاسٹ کیلئے پیغام بھیجا تھا اور ان سے کہا گیا کہ وہ شو میں آنے کیلئے خود 2 لاکھ 85 ہزار روپے ادا کریں کیونکہ اسکے بدلے انہیں پروموشن ملے گی جس پر معراج نے جواب دیا کہ وہ انٹرویوز دینے کیلئے پیسے ادا نہیں کرتے۔
ہانیہ عامر پر پیسے مانگنے کا الزام لگانے والے پوڈ کاسٹر عدنان فیصل بے نقاب



















