جاوید میانداد دل میں تکلیف کے باعث ہسپتال پہنچ گئے

کراچی (مشرق نیوز) پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد کو دل میں تکلیف کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دیدی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے دور کے عظیم بیٹسمین اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد دل میں تکلیف کے باعث ہسپتال پہنچے تاہم معالجین نے مکمل معائنے کے بعد انکی صحت کو تسلی بخش قرار دیدیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد معمول کے مطابق معائنہ کیلئے قومی ادارہ امراض قلب، کراچی پہنچے، معالجین نے ضروری ٹیسٹ کرنے کے بعد اپنے دور کے عظیم بیٹر کی اینجیوگرافی تشخیص کی اور بعض ادویات دینے کے ساتھ آرام کی تاکید بھی کی۔

68 سالہ جاوید میانداد معمولی شکایت پر ہسپتال معائنے کیلئے گئے تھے تاہم ڈاکٹرز نے انکی انجیوگرافی کروائی اور رپورٹ کے مشاہدے کے بعد انکو صحتمند قرار دیا۔ جاوید میانداد نے این آئی سی وی ڈی میں دی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا، گھر روانگی سے قبل جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ میں بہت بہتری محسوس کر رہا ہوں، اللہ کا کرم رہا اور قوم کی دعائیں شامل حال رہیں تو صحت میں مزید بہتری آئیگی۔