ڈی کاک کی سنچری،دوسرا ون ڈے افریقہ کے نام،پاکستان کو 8وکٹوں سے شکست

فیصل آباد:(بیورورپورٹ)ڈی کاک کی شاندار سنچری،جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 8وکٹوں سے ہرادیا۔

فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا،جنوبی افریقہ نے پاکستانی ٹاپ آرڈر بلے بازوں کے پرخچے اڑا دئیے،فخر زمان صفر ،بابر اعظم 11 ،رضوان 4 رنز پر چلتے بنے۔

3 وکٹیں گرنے کے بعد سلمان علی آغا ،صائم ایوب نے شراکت داری قائم کرتے ہوئے نصف سنچریاں سکور کیں،صائم 53 ،سلمان علی آغا 69 رنز بناکر آوٹ ہوگئے ،حسین طلعت کی اننگز 10رنز تک محدود رہی،اختتامی اوورز میں نواز ،فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ سے ٹیم کاٹوٹل269تک پہنچایا،دونوں نے بالترتیب59،28رنز سکور کیے۔

قومی باﺅلنگ بری طرح ناکام رہی،جنوبی افریقہ نے ہدف با آسانی 2وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،ڈی کاک نے شاندار سنچری جڑی،ڈی زوزی76 رنز بنا کر نمایاں رہے،افریقہ کی فتح کے بعد سیریز 1-1سے برابر ہوگئی،فیصلہ کن میچ ہفتے کو فیصل آباد میں ہی کھیلاجائےگا۔