لاہور:( اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اوزون کے تحفظ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا ہے اوزون ماحولیا ت کی محافظ ، بچانا انسانیت کا اہم ترین فریضہ ہے،اوزون کی تباہی کا مطلب امراض، فصلوں کی بربادی اور نسل نو کے مستقبل کےلئے خطر ات ہیں،موسمیاتی تبدیلی نے بارشوں کے انداز بدل دیئے، پنجاب حالیہ تباہ کن سیلاب کی شکل میں خمیازہ بھگت رہا ہے
مریم نواز نے کہا پہلی بار پنجاب کےلئے جامع ماحولیاتی پالیسی دی تاکہ زمین بچوں کےلئے محفوظ رہ سکے،پنجاب میں ماحول دوست الیکٹرو بسیں متعارف کرائیں جو کلین انرجی سے چلتی ہیں اور آلودگی کم کرتی ہیں،”پلانٹ فار پاکستان“مہم کے ذریعے شجرکاری کرکے فضا کو ازسرنو سانس لینے کے قابل بنایا جا رہا ہے،پنجاب تیزی سے گرین انرجی، سولرائزیشن اور ماحول دوست منصوبوں کی طرف بڑھ رہا ہے،اوزون پرو ٹیکشن محض حکومت کی نہیں ہر شہری کی ذمہ داری ہے اپنا کردار ادا کریں۔
مریم نواز نے عوام سے اپیل ہے اپنی فضا، پانی اور زمین کو آئندہ نسلوں کےلئے محفوظ بنا نے میں ہاتھ بٹائیں،پنجاب سرسبز، صاف اور محفوظ مستقبل کی طرف بڑھ رہا ہے،سفر اب کسی صورت نہیں رکے گا۔
دریں اثنا پاکستان کی پہلی جامع ویٹ پالیسی بنانے کےلئے صوبوں کےساتھ مشاورت کا عمل شروع کر دیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پروزیراعلیٰ مریم نواز سے وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار اورنیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر نے ملاقات کی۔
وفاقی وزیر رانا تنویر نے مریم نواز کی سیلاب متاثرین کےلئے انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کیا،باہمی ملاقات میں ویٹ پالیسی پر مفصل تبادلہ خیال ،گندم کے سٹریٹجک ذخائر بہتر کرنے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔
موسمیاتی تبدیلی نے بارشوں کے انداز بدل دیئے، پنجاب خمیازہ بھگت رہا ہے:مریم نواز

















