چیمپئنز ٹرافی سے قبل سٹیڈیمز کی تعمیر نو چیلنج تھی‘اللہ نے سرخرو کیا: محسن نقوی
کراچی (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل سٹیڈیمز کی تعمیر نو چیلنج تھی، اللہ نے ہمیں اور پاکستان کو سرخرو کیا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ ہماری دن رات کی مخلصانہ کاوشوں کو رب ذوالجلال نے ثمر آور کیا، قذافی اسٹیڈیم کے بعد نیشنل سٹیڈیم کراچی کے افتتاح پر اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔محسن نقوی کا کہنا ہے کہ تنقید کے باوجود پوری ٹیم مشن سمجھ کر کام میں مصروف رہی، ہم پاکستان کی سوچ کے ساتھ آگے بڑھے اور اللہ تعالیٰ نے کامیاب کیا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی تعمیر میں حصہ لینے والے مزدوروں کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آج شام رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہو گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تقریب میں عوام کا داخلہ فری اور نامور گلوکار پرفارم کریں گے جبکہ آتش بازی اور لائٹس شو کا شاندار مظاہرہ بھی ہو گا۔پی سی بی نے بتایا ہے کہ ہاسپٹیلیٹی باکسز کی اپ گریڈیشن مکمل ہو گئی ہے، شائقین اور کھلاڑیوں کیلئے سہولتوں میں اضافہ کیا ہے۔
















