مکمل فٹ ہو چکا ‘ پاکستان کے اگلے انٹرنیشنل ایونٹ میں ایکشن میں ہوں گا: فخرزمان

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر فخر زمان نے چیمپئنز ٹرافی پر نظریں جما لیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ بہت سے لوگ واقف نہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد میں کافی بیمار رہا تھا، خراب صحت کی وجہ سے مکمل فٹ نہیں تھا اسلئے قومی ٹیم کا حصہ نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ اب میں مکمل فٹ ہو چکا ہوں اور پاکستان کے اگلے انٹرنیشنل ایونٹ میں ایکشن میں ہوں گا، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے دورے اسلئے نہیں کئے کیونکہ خود کو چیمپئنز ٹرافی کیلئے مکمل فٹ کرنا تھا۔فخر زمان کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری ہمیشہ میرے ذہن میں تھی، اس ٹورنامنٹ سے ہی میرے کیریئر کا زبردست آغاز ہوا تھا اور اگلے ایونٹ کیلئے میں پرجوش ہوں۔صائم ایوب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید اور دعا ہے کہ صائم ایوب جلد مکمل فٹ ہوجائیں، وہ ایک بہت زبردست کرکٹر ہیں، اگر صائم چار پانچ سال کھیلتا رہا تو دنیا میں ٹاپ پلیئر ہو گا۔ان کا مزید کہنا ہے کہ صائم ، بابر اور رضوان کی موجودگی میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ ٹیم میں ہوں۔فخر زمان نے یہ بھی کہا کہ میری ترجیح ہمیشہ اوپن کرنا ہوتی ہے مگر ٹیم کی ضرورت کے مطابق پوزیشن بدل سکتی ہے، میرے لئے ہمیشہ ٹیم اہم ہے جہاں ٹیم کو ضرورت ہے وہاں بیٹنگ کروں گا۔