اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان سپورٹس بورڈ نے ملک کی تمام سپورٹس باڈیز کے انتخابات خود کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد پاکستان سپورٹس میں نئے بحران کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں تمام سپورٹس باڈیز کے انتخابات پی ایس بی کا الیکشن کمیشن کرائیگا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے فیڈریشن پر گرفت مضبوط کرنے کیلئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے فیڈریشنز کے انتخابات کیلئے انتخابی ضابطہ نوٹیفائی کر دیا ہے۔ پی ایس بی کے نوٹیفکیشن کے مطابق ملک میں تمام اسپورٹس باڈیز کے انتخابات پی ایس بی کا الیکشن کمیشن کرائیگا اور ڈی جی سپورٹس بورڈ کو کسی بھی فیڈریشن میں انتخابات کا کہنے کا اختیار ہوگا۔ انتخابی ضابطے کے مطابق پی ایس بی کا الیکشن کمیشن ہی کلبوں کی سکروٹنی بھی کریگا جبکہ الیکشن پر اعتراضات کیلئے ٹربیونل بھی پاکستاں سپورٹس بورڈ تشکیل دیگا۔ خبر کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ملحقہ فیڈریشنز کو پیش کردہ ماڈل آئین اپنانے کو بھی کہہ دیا ہے۔ دوسری جانب پی ایس بی نے سپورٹس فیڈریشنز اور عہدیداران کیلئے کوڈ آف ایتھکس بھی متعارف کرایا ہے، کوڈ ایتھکس تعصب، ہراسگی، انسانی سمگلنگ، کرپشن، ڈوپنگ اور ایج فراڈ کے معاملات کوور کرتا ہے جبکہ کوڈ کی خلاف ورزی پر ایک سال سے تاحیات پابندی سمیت دیگر سزائیں شامل ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستاں اولمپک ایسوسی ایشین پہلے ہی ان اقدامات کی مخالفت کرچکا ہے اور 23 سپورٹس باڈیز نے گزشتہ ماہ ہی ایس بی کے ممکنہ اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا تھا۔فیڈریشنز نے گزشتہ ماہ لکھے اپنے خط میں کہا تھا کہ ہر فیڈریشن اپنی عالمی تنظیم کے قوانین کے مطابق کام کرتی ہے، اس میں مداخلت نہیں ہو سکتی، فیڈریشنز نے پی ایس بی کو ان اقدامات پر اپنے الحاق کو ختم کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔
پی ایس بی کا تمام سپورٹس باڈیز کے انتخابات خود کرانے کا فیصلہ، نئے بحران کا خدشہ
















