وزیراعلیٰ پنجاب گورننس نظام میں تبدیلی کیلئے جامع حکمت عملی پر کاربند ہیں :مریم اورنگزیب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ورلڈ بینک کے وفد نے ملاقات کی۔ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن ہیسن کی قیادت میں وفد آپریشن آفیسر ثمن عامر، ڈیزاسٹر مینجمنٹ سپیشلسٹ احسن تحسین پر مشتمل تھا۔اس موقع پر عالمی بینک اور پنجاب حکومت میں تین شعبوں میں تعاون پر اتفاق رائے کیا گیا۔موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے، ہوا کے معیار میں بہتری،متبادل توانائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، کاربن فنانسنگ، کلائمٹ ریزی لینٹ پنجاب کے حوالے سے مل کر کام کرنے پربھی اتفاق کیاگیا۔سینئر وزیرمریم اورنگزیب نے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف گورننس کے پورے نظام میں تبدیلی لانے کی جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے مختصر ترین مدت میں ریکارڈ ترقیاتی اور سماجی بہبود کے کام کئے ہیں۔وزیراعلی مریم نوازشریف پنجاب میں اصلاحات کے لئے عالمی ماہرین اور اداروں کی خدمات حاصل کررہی ہیں، مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈیجیٹل پنجاب کے تحت سرکاری شعبے کی خدمات کو عوام کے گھر کی دہلیز پر پہنچانے کے نظام نے کام شروع کردیا ہے۔ صوبہ پنجاب نے ٹیکس فری اور اپنے وسائل سے بجٹ دے کر ایک نئی مثال قائم کی ہے۔سینئر وزیر نے وفد سے گفتگو میں کہاکہ مالیاتی نظم و ضبط، زراعت، صنعت اور تجارت کیلئے سہولیات سے ترقی کی شرح میں اضافہ ہوگا۔500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے عوام کو سولر پینل فراہم کریں گے۔ذمہ دارانہ معاشی پالیسی پرعمل درآمد اور عوام کو ریلیف دیتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ جدید فارمنگ، کسان کارڈ، لائیو سٹاک کارڈ، زراعت میں جدید مشینری کے استعمال اور ایک چھت تلے تمام زرعی سامان کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج، زہریلے دھوئیں کے تدارک اور سموگ کے خاتمے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن اور اب تک کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جامع نظام لارہے ہیں۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور ائیر کوالٹی انڈیکس کو بہتر بنانے کیلئے پہلی بار مختلف شعبوں کیلئے پلان بنایا گیا ہے۔پہلی بار ہنگامی، درمیانی اور طویل مدتی اہداف طے کئے گئے ہیں۔سینئر وزیر نے کہا کہ پہلی بار ماحولیاتی تحفظ، سموگ، زہریلے دھوئیں کے اخراج اور ائیرکولٹی کے معیار کی بہتری کیلئے بھی پیشگی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔