ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان چیمپئنز نے انگلینڈ کو 79 رنز سے شکست دیدی

ایجبسٹن (مشرق نیوز) ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز نے انگلینڈ چیمپئنز کو 79 رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی اپنے نام کرلی۔ برطانیہ کے شہر برمنگھم کے ایجیسٹن اسٹیڈیم میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024 کے ایک ٹی 20 میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 89 رنز سے ہرادیا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کیلئے 195رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے صہیب مقصود نے 64 اور آل راونڈر شعیب ملک نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اسکے علاوہ مصباح الحق نے 23 اور عبدالرزاق نے 20 رنز بنائے۔ جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 117رنز بنا سکی اور پاکستان چیمپئنز نے انگلینڈ چیمپئنز کو 79 رنز سے شکست دیدی۔ پاکستان چیمپئنز کی یہ ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی ہے، اس سے قبل پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی منظور شدہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 3 جولائی کو برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ میدان میں شروع ہوئی جو 18 جولائی تک جاری رہے گی جبکہ پاکستان چیمپئنز کی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے، وہ اس سے پہلے ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا لیجنڈز کو بھی شکست دے چکی ہے۔