ٹیم میں تعصب کی باتیں ٹھیک نہیں، سبز پرچم کیلئے کھیلتے ہیں:محمد رضوان

لاہور (مشرق نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہ ٹیم میں تعصب کی باتیں ٹھیک نہیں، سبز پرچم کیلئے کھیلتے ہیں۔ سپورٹس جرنلسٹ کے عالمی دن کی مناسبت سے بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ بال اور بیٹ کے علاوہ اور کچھ نہیں آتا، انسان کے ہاتھ میں محنت اور ہمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعصب کی باتیں چل رہی ہیں، جب ہم ملک کیلئے کھیلتے ہیں، ہمارے ذہن میں صرف یہ بات ہوتی ہے کہ ہماری مخالف ٹیم کونسی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ تنقید کا سامنا نہیں کرسکتے وہ دنیا میں کچھ نہیں کر سکتے ہے، ہمیں لوگوں کو نہیں دیکھنا کہ وہ کیا کہتے ہیں ، ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ میں ملک کیلئے کیا کرسکتا ہوں۔ یاد رہے ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کو ناتجربہ کار امریکہ کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست ہوئی تھی اور پھر بھارت کے خلاف 120 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن لڑکھڑاگئی تھی۔ مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستانی ٹیم امریکہ کی شکست پر انحصار کرنے لگی لیکن آئرلینڈ اور امریکہ کے میچ کے دوران بارش نے پاکستانی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور ان کا ورلڈکپ کا سفر پہلے ہی مرحلے میں اختتام پذیر ہوگیا تھا۔