ٹی 20ورلڈ کپ،آسٹریلیا نے نمیبیا کو شکست دیکر سپر ایٹ کیلئے کوالیفائی کرلیا

انٹی گوا (مشرق نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے نمیبیا کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر سپر ایٹ کیلئے کوالیفائی کرلیا،بہترین کارکردگی پر ایڈم زیمپا کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انٹی گوا میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ کے گروپ بی کے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔نمیبیا کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس کے وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم صرف 72 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔نمیبیا کی جانب سے جیرہارڈ ایریزمس 36 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے، ایڈم زیمپا نے شاندار باﺅلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں اور ٹاپ بولر رہے۔جواب میں آسٹریلیا نے دھواں دھار آغاز کیا اور چھٹے اوور میں ہدف ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔کینگروز کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 34 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 20 اور مچل مارش نے 18 رنز بنائے۔نمیبیا کی جانب سے واحد وکٹ ڈیوڈ ویزے نے حاصل کی۔ہر گروپ سے 2 ٹیمیں اگلے مرحلے کےلئے کوالیفائی کریں گی، گروپ بی کی پوزیشن کافی دلچسپ ہے، اس وقت سکاٹ لینڈ 3 میچ کھیل کر 5 پوائنٹس کے ساتھ مثبت 2.164 رن ریٹ کےساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے جبکہ اسے اگلا مقابلہ آسٹریلیا سے کرنا ہے۔دوسری طرف انگلینڈ کے 2 میچوں میں ایک پوائنٹ اور منفی رن ریٹ 1.80 ہے جس نے باقی 2 میچوں میں عمان اور نمیبیا سے مقابلہ کرنا ہے،اگر انگلینڈ دونوں کو بڑے مارجن سے شکست دیتا ہے اور آسٹریلیا سکاٹ لینڈ کو شکست دیتا ہے تو اس صورت میں انگلینڈ اگلے مرحلے میں پہنچ سکتا ہے۔گروپ بی کی دیگر دو ٹیمیں نمیبیا 3 میچوں میں 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور عمان کی ٹیم 3 میچوں میں 3 شکستوں کے بعد صفر پوائنٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔